مرکز نے ریاستوں کو مفت ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کیا، نجی اسپتالوں کے لیے 25 فیصد ویکسین خریدنے کی اجازت برقرار رہے گی
نئی دہلی، جون 7: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اعلان کیا کہ ریاستی حکومتوں کو اب کوویڈ 19 ویکسینوں پر خرچ نہیں کرنا پڑے گا اور مرکز 18 سے 45 عمر کے گروپ کے لیے بھی ویکسین فراہم کرے گا۔ فیصلے کا مطلب یہ ہے کہ اب تمام بالغ افراد مرکز کے ذریعے مفت ویکسینیشن کے اہل ہوں گے۔
مودی نے آج شام ملک سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’مرکز ویکسین بنانے والوں سے تیار کردہ 75 فیصد ویکسین خریدے گا اور انھیں ریاستوں کو مفت فراہم کرے گا۔ 21 جون سے مرکز 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام شہریوں کو مفت ویکسین فراہم کرے گا۔‘‘
اب تک ریاستیں 18-45 سال کی عمر کے افراد کو ٹیکہ لگانے کے لیے تیار شدہ 25 فیصد ویکسینیں خرید رہی ہیں۔ نجی اسپتالوں نے مجموعی ویکسین کی 25 فیصد مزید خریداری کی ہے، جب کہ باقی 50 فیصد مرکز نے ترجیحی گروپوں کو ویکسین دینے کے لیے خریدے ہیں۔ یہ سسٹم یکم مئی سے شروع کیا گیا تھا جب ویکسینیشن کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہوا۔ تاہم مرکز کو اس پالیسی کے لیے مختلف اداروں سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
آج وزیر اعظم کا یہ اعلان متعدد وزرائے اعلیٰ کے ذریعے ریاستوں کو مفت ویکسین فراہم کرنے کے مطالبات کے مطابق ہے۔ تاہم مودی نے کہا کہ ویکسینوں کی ادائیگی کے خواہشمند افراد اب بھی یہ کام جاری رکھ سکتے ہیں، کیوں کہ نجی اسپتال اب بھی تیار کردہ 25 فیصد ویکسین خریدیں گے۔ ایک اور اہم فیصلے میں انھوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ نجی اسپتالوں میں ویکسینوں پر سروس چارج کی قیمت اب 150 روپے ہوگی۔
مودی نے کہا ’’بہت غور و فکر کے بعد ہم نے ویکسین لگانے کے انداز کو تبدیل کردیا۔ لہذا ہم نے 25 فیصد کام ریاستوں کو دے دیا۔ اب انھیں اس کام میں جو مشکل درپیش ہے اس کا ادراک کرنا شروع کردیا ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے مزید اعلان کیا کہ مرکز اس سال دیوالی تک پردھان منتری غریب کلیان اناج یوجنا کے 80 کروڑ مستفید افراد کو مفت راشن فراہم کرتا رہے گا۔