کووڈ 19: ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 1.59 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، ہفتہ کے مقابلے میں 12.42 فیصد زیادہ
نئی دہلی، جنوری 9: ہندوستان میں آج صبح کورونا وائرس کے 1,59,632 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جن سے جنوری 2020 میں وبائی بیماری شروع ہونے کے بعد سے مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 3,55,28,004 ہوگئی۔ کیسز کی تعداد ہفتہ کو رپورٹ ہوئے 1,41,986 کیسز کےمقابلے میں 12.42 فیصد زیادہ ہے۔
وہیں اموات کی تعداد بڑھ کر 4,83,790 ہوگئی، جب پچھلے 24 گھنٹوں میں اس بیماری کی وجہ سے 327 مریضوں کی موت ہوئی۔ دریں اثنا فعال کیسز 1.18 لاکھ مزید اضافے کے ساتھ 5,90,611 ہو گئے۔
کورونا وائرس کی اومیکرون قسم کے کیسز ہفتہ کے مقابلے میں 3,071 سے بڑھ کر 3,623 ہو گئے۔ اس قسم کے کیسز کی 27 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اطلاع دی گئی ہے، مہاراشٹر میں سب سے زیادہ تعداد 1,009، اس کے بعد دہلی میں 513 مریض ہیں۔
کورونا وائرس کی اومیکرون قسم پچھلے چند ہفتوں سے انفیکشنز میں خطرناک حد تک اضافہ کر رہی ہے۔ انڈیا ٹوڈے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ملک کے کووِڈ 19 ویکسینیشن پینل کے سربراہ این کے اروڑا نے کہا کہ وبائی مرض کی تیسری لہر میں رپورٹ ہونے والے 70-80 فیصد کیسز اومیکرون قسم کے تھے۔
تمام بڑے شہر اور ریاستیں روزانہ کیسوں میں بڑے اضافے کی اطلاع دے رہی ہیں۔ ہفتہ کو مہاراشٹر میں 41,000 سے زیادہ کیسز درج ہوئے، جب کہ دہلی میں 20,000 سے زیادہ انفیکشن ریکارڈ ہوئے۔ نیوز 18 نے سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا میں ٹیسٹ کی مثبتیت کی شرح 55 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔