عدالتیں شہریوں کو ان کے ایمان کے خلاف لباس پہننے کا حکم نہیں دے سکتیں: امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی
نئی دہلی، مارچ 15: جماعت اسلامی ہند (جے آئی ایچ) کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے کہا ہے کہ یہ عدالت کا کام نہیں ہے کہ وہ کسی بھی مذہب کے ضروری اعمال اور طریقوں کے بارے میں فیصلہ کرے۔
حجاب پر کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جے آئی ایچ ہائی کورٹ کے اس فیصلے سے متفق نہیں ہے۔
میڈیا کو دیے ایک بیان میں مسٹر حسینی نے کہا ’’ہم کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے سے متفق نہیں ہیں۔ ہمارا ماننا ہے کہ کسی بھی مذہب کے ضروری مذہبی طریقوں کے بارے میں فیصلہ کرنا عدالتوں کا کام نہیں ہے۔‘‘
انھوں نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ ’’اس فیصلے میں مطلوبہ ضروری تصحیح لائے گی اور کسی غلط ترجیح کو قائم کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔‘‘
امیرِ جماعت نے کہا کہ ’’ہم میڈیا کے بعض حصوں میں غلط تاثر دینے والی ان شرارتی رپورٹنگ کے بارے میں انتہائی فکر مند ہیں کہ عدالت نے حجاب پر کسی قسم کی پابندی لگا دی ہے۔‘‘
انھوں نے نشان دہی کی کہ ’’اس عدالتی حکم کا سماجی اور نجی زندگی میں حجاب پہننے یا نہ پہننے کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘‘
انھوں نے مشورہ دیا ’’یہ (فیصلہ) سرکاری حکم نامے کی درستگی تک محدود ہے جس میں پبلک فنڈڈ اسکولوں کی انتظامیہ کو ڈریس کوڈ تجویز کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ عدالتی فیصلوں کی اس طرح کی غلط تشریح کے ذریعے شہریوں میں کسی قسم کی تفریق یا بداعتمادی پیدا کرنے کی کوشش کرنا اچھا نہیں ہے۔‘‘
انھوں نے کہا کہ جے آئی ایچ تعلیمی اداروں میں یونیفارم کے رواج کے خلاف نہیں ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ پبلک فنڈ سے چلنے والے اسکولوں کو ڈریس کوڈ کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ طلبا کی مذہبی اور ثقافتی رسومات کے لیے غیر جانبداری اور احترام کو برقرار رکھنا چاہیے اور ڈریس کوڈ میں ان کے مذہبی اصولوں، ثقافتی جھکاؤ اور ان کے ضمیر کی آواز کو ملحوظ رکھنا چاہیے۔
امیرِ جماعت نے کہا ’’ہمیں انتہائی تشویش ہے کہ یہ حکم مسلم خواتین کو تعلیم سے دور کر سکتا ہے اور یہ ترقی کی راہ میں تمام کمیونٹیز اور سماجی گروہوں کو شامل کرنے کی حکومت کی بیان کردہ پالیسی کے خلاف ہے۔ تعلیم ایک اہم قومی ترجیح ہے اور اس کا مقصد ایک سازگار ماحول کا متقاضی ہے جہاں ہر کوئی اپنے عقیدے یا ضمیر پر کوئی سمجھوتہ کرنے پر مجبور کیے بغیر اپنی تعلیم کو آگے بڑھا سکتا ہے۔‘‘