نجی اسپتال ویکسینیشن پیکیج پیش کرنے کے لیے ہوٹلوں کے ساتھ معاہدہ نہیں کرسکتے: مرکزی حکومت
نئی دہلی، مئی 30: ہفتہ کے روز مرکز نے کہا کہ نجی اسپتال ہوٹلوں کے ساتھ مل کر کورونا وائرس ویکسین کے پیکیج فراہم نہیں کرسکتے ہیں، کیوں کہ یہ طے شدہ ہدایات کے منافی ہے۔ ریاستوں کو لکھے گئے خط میں مرکز نے مزید کہا کہ ایسے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔
وزارت صحت نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ویکسین صرف اور صرف سرکاری اور نجی ویکسینیشن مراکز اور کام کے مقامات، کمیونٹی مراکز، پنچایت بھونوں، اسکولوں، کالجوں اور اولڈ ایج ہومز میں عارضی بنیادوں پر دی جاسکتی ہے۔
حکومت نے مزید کہا ’’اس کے علاوہ قومی کوویڈ ویکسینیشن پروگرام کے تحت ویکسینیشن کے لیے کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، لہذا اسٹار ہوٹلوں میں لگائی جانے والی ویکسینیشن اس رہنما خطوط کے منافی ہے اور اسے فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔‘‘
مرکز نے ریاستوں میں عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کی یقین دہانی کریں کہ ویکسینیشن کا عمل حکومت کی ہدایات کے مطابق ہی جاری رہے۔
وزارت صحت کا یہ خط ریاستوں کی جانب سے ویکسین کی شدید قلت کی شکایات کے درمیان آیا ہے۔ ہفتے کے روز دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے پوچھا کہ نجی اسپتال کس طرح ویکسین دے رہے ہیں حالاں کہ مرکز نے ریاستوں کو بتایا ہے کہ اسٹاک نہیں ہے۔
دریں اثنا عام آدمی پارٹی کے رہنما راگھو چڈھا نے ایک لگژری ہوٹل کے ویکسینیشن پیکیج کے اشتہار کو ٹویٹ کیا۔
انھوں نے مزید کہا ’’ایک طرف مرکزی حکومت نے لگژری ہوٹلوں میں ویکسینیشن پیکیج کے ساتھ نجی شعبے میں ویکسین کی کمی نہ ہونے کو یقینی بنایا ہے۔ دوسری طرف ریاستی حکومت کے ویکسینیشن مراکز ویکسین کی عدم دستیابی کی وجہ سے بند ہیں۔‘‘
ہندوستان کورونا وائرس کی دوسری لہر پر قابو پانے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے اور متعدد ریاستوں کو آکسیجن، کوویڈ 19 ویکسین کی خوراک اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
گذشتہ ایک دن میں ہندوستان میں 1،65،553 نئے کورونا وائرس کیسز رجسٹر ہوئے، جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 2،78،94،800 ہوگئی۔ گذشتہ روز ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 3،25،972 ہوگئی، جب ایک دن میں 3،460 اموات ہوئیں۔
جمعہ کے روز مرکز نے اعلان کیا کہ ہندوستان میں ہر شخص کو 2021 کے آخر تک کوویڈ 19 ویکسین دے دی جائے گی۔