مدھیہ پردیش حکومت نے 26 جولائی سے گیارہویں اور بارہویں کلاس کے اسکول کھولنے کا اعلان کیا
نئی دہلی، جولائی 14: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج اعلان کیا ہے کہ 26 جولائی سے کلاس 11 اور 12 کے اسکول 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ دوبارہ کھولے جائیں گے۔ کلاسیں ہفتے میں چار دن منعقد کی جائیں گی، جس میں بچوں کے دو بیچ میں سے ہر ایک کے لیے دو دو دن ہوں گے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں کووڈ 19 کی صورت حال قابو میں ہے اور ریاستی حکومت ممکنہ تیسری لہر کے لیے تیاری کر رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر لوگ کووڈ 19 کے رہنما خطوط پر عمل کرتے رہتے ہیں تو حکومت چھوٹے طلبا کے لیے بھی آف لائن کلاسز دوبارہ شروع کردے گی۔
چوہان نے مزید کہا کہ 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ یکم اگست سے کالج بھی دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔
کئی دیگر ریاستی حکومتوں نے پہلے ہی اسکولوں کو کچھ پابندیوں کے ساتھ دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ مہاراشٹر حکومت نے ایسے علاقوں میں اسکول دوبارہ کھولنے کی اجازت دی ہے جہاں ایک مہینے سے کووڈ 19 کا کوئی فعال کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ ہریانہ 16 جولائی سے 9 سے 12 کلاس کے اسکولوں کو جسمانی دوری کے ساتھ دوبارہ کھولے گا۔ پڈوچیری میں کلاس 9 سے 12 کے طلبا کے لیے اسکول اور کالجز 16 جولائی سے شروع ہوں گے۔
کوڈ 19 کے معاملات گذشتہ چند ہفتوں میں مدھیہ پردیش میں مستقل طور پر کم ہو رہے ہیں۔ منگل کو ریاست میں 23 کورونا وائرس کیسز سامنے آئے ہیں اور دو اموات ہوئی ہیں۔
جب کہ اپریل اور مئی میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے عروج کے دوران ریاست میں روزانہ 13،000 سے زیادہ کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔