کورونا وائرس: یورپی یونین اور برطانیہ نے ہندوستان کو آکسیجن مہیا کرنے کی پیش کش کی

نئی دہلی، اپریل 26: یوروپی یونین اور برطانیہ نے اتوار کے روز ہندوستان میں کورونا وائرس کی سنگین صورت حال اور انفیکشن کی تعداد میں ریکارڈ اور تباہن کن اضافے کے دوران طبی امداد کی پیش کش کی ہے۔

یوروپین کمیشن نے کہا کہ اس نے اپنی EU سول پروٹیکشن میکانزم کو چالو کردیا ہے اور وہ نئی دہلی سے درخواست موصول ہونے کے بعد وائرس سے متاثرہ ہندوستان میں آکسیجن اور دوائی بھیجنے کے خواہاں ہیں۔ کمیشن کے صدر اسولا وان ڈر لین نے ٹویٹ کیا ’’ہندوستان میں وبا کی صورت حال سے ہم آگاہ ہیں۔ ہم مدد دینے کے لیے تیار ہیں۔‘‘

یوروپی کمیشن فار ہیومنیٹیرین ایڈ جینیز لینارکک نے ٹویٹر پر لکھا ’’یورپی یونین کا ایگزیکٹو پہلے ہی یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ رابطہ کر رہا ہے جو فوری طور پر درکار آکسیجن اور دوائی تیزی سے فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانیہ نے بھی کہا ہے کہ وہ وینٹیلیٹر اور آکسیجن کنٹینرس سمیت زندگی کو بچانے والے طبی آلات بھارت بھیج رہا ہے۔

توقع ہے کہ طبی آلات کی پہلی کھیپ منگل کے اوائل میں دہلی پہنچے گی۔ وہیں آئندہ ہفتے تک مجموعی طور پر نو کنٹینر، جو 600 آلات پر مشتمل ہیں، جن میں 495 آکسیجن کنسینٹریٹرس، 120 نان انویسو وینٹیلیٹرز اور 20 مینول وینٹیلیٹر شامل ہیں، ملک بھیجے جائیں گے۔

وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ’’سیکڑوں آکسیجن کونٹریٹرس اور وینٹیلیٹرس سمیت اہم طبی سامان برطانیہ سے ہندوستان جا رہے ہیں تاکہ اس خوفناک وائرس سے ہونے والے المناک نقصان کو روکنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی حمایت کی جاسکے۔‘‘

بعد ازاں اتوار کے روز ریاست ہائے متحدہ کے صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس نے بھی وبائی بیماری کے خلاف جنگ میں ہندوستان کی مدد کرنے کا وعدہ کیا۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے اپنے ہندوستانی ہم منصب اجیت ڈووال سے بات کی اور وعدہ کیا کہ کوویشیلڈ ویکسین تیار کرنے کے لیے درکار خام مال دستیاب کیا جائے گا۔

دریں اثنا پیر کے روز ملک میں ایک دن میں 3،52،991 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے، جو عالمی سطح پر اب تک کس بھی ملک میں سب سے بڑا یک روزہ اضافہ ہے۔ ملک میں اب تک مجموعی طور پر 1،73،13،163 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ملک میں مسلسل پانچ دنوں سے سنگین عالمی ریکارڈ کے ساتھ معاملات کی تعداد میں اضافہ درج کر رہا ہے۔

وہیں پہلی بار ایک دن میں 2،812 اموات درج کی گئیں، جس کے بعد اب ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1،95،123 تک جا پہنچی ہے۔