دہلی حکومت نے سب کے لیے مفت کوویڈ ویکسین کا اعلان کیا، کیجریوال نے مینوفیکچررز سے قیمتیں کم کرنے کی اپیل کی

نئی دہلی، اپریل 26: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت یکم مئی سے ویکسینیشن کے تیسرے مرحلے کے دوران 18 سال سے زیادہ عمر کے ہر فرد کو مفت کورونا وائرس کی ویکسین مہیا کرے گی۔

کیجریوال نے کہا ’’ہم سب یہ دیکھ سکتے ہیں کہ کوویڈ 19 نے ملک بھر میں تباہی مچا دی ہے اور ہر ایک کو لگتا ہے کہ اس بیماری کو شکست دینے کا واحد طریقہ ویکسینیشن ہے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت نے آج صبح 1.34 کروڑ ویکسینوں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔ کیجریوال نے کہا ’’ہم کوشش کریں گے کہ جلد سے جلد خریداری کی جائے اور لوگوں کے لیے جلد از جلد اس کا انتظام کیا جائے۔‘‘

وزیراعلیٰ نے ویکسین بنانے والوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی قیمتوں کو فی خوراک 150 روپے تک کم کریں۔ انھوں نے کہا ’’منافع کمانے کے لیے آپ کی پوری زندگی باقی ہے۔ یہ ایسا کرنے کا وقت نہیں جب وبائی امراض پھیل رہے ہیں۔ میں مرکزی حکومت سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ اگر ضرورت ہو تو ویکسین کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔‘‘

19 اپریل کو وزارت صحت نے کہا کہ ویکسین بنانے والوں کو تیار کی جانے والی 50 فیصد خوراکیں مرکز کو الاٹ کرنی ہوں گی۔ مینوفیکچررز کو بقیہ 50 فیصد ویکسین کھلی مارکیٹ میں ریاستی حکومتوں اور نجی تنظیموں کو فروخت کرنے کی اجازت ہوگی۔

اس کے بعد سیرم انسٹی ٹیوٹ نے کہا کہ وہ اپنی کوویشیلڈ ویکسین ریاستی حکومتوں کو 400 روپے فی خوراک اور نجی اداروں کو 600 روپے فی خوراک فروخت کرے گی۔ بھارت بایوٹیک نے اپنے کوویکسین شاٹ کی قیمت ریاستی حکومتوں کے لیے 600 روپے جب کہ نجی اسپتالوں کے لیے 1،200 روپے مقرر کی ہے۔ لیکن دونوں ویکسین بنانے والی کمپنیوں نے مرکزی حکومت کے لیے 150 روپے فی خوراک قیمت برقرار رکھی ہے۔

ویکسین کا مرکزی حکومت والا کوٹہ 45 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو ٹیکے لگانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جو کہ مفت ہے۔ ریاستی حکومتوں نے ویکسین کی قیمتوں میں تفریق کے خلاف اپنا احتجاج ظاہر کیا ہے۔

دریں اثنا کیجریوال نے مزید کہا کہ بچوں کے لیے بھی جلد ہی نئی ویکسین تیار کی جانی چاہیے کیوں کہ ان میں بھی انفیکشن پھیل رہا ہے۔ انھوں نے کہا ’’ہم نے دیکھا ہے کہ 18 سال سے کم عمر کے بچوں کو بھی انفیکشن ہو رہا ہے۔ اب وقت آگیا ہے ان کے لیے بھی سوچا جائے۔ اگر یہ ویکسینیں ان کے لیے محفوظ اور موثر ہیں تو انھیں ان کو دیا جانا چاہیے۔ اگر نہیں تو مجھے امید ہے کہ جلد ہی نئی ویکسین تیار کی جائے گی جو بچوں کے لیے کارآمد اور محفوظ ہو گی۔‘‘

اس سے قبل گجرات اور اوڈیشہ کی حکومتوں نے بھی اتوار کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ یکم مئی سے 18 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو بلا معاوضہ ویکسین فراہم کریں گے۔

ان ریاستوں کے علاوہ مہاراشٹر، راجستھان، مدھیہ پردیش، جموں و کشمیر، کیرالہ، چھتیس گڑھ، اترپردیش، آسام، جھارکھنڈ، پنجاب، ہماچل پردیش، گوا، سکم، بہار، مغربی بنگال، آندھرا پردیش، تلنگانہ اور ہریانہ کی حکومتوں نے بھی اسی طرح کے اعلانات کیے ہیں۔