کورونا وائرس: بہار حکومت نے ریاست میں 15 مئی تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا
بہار، مئی 4: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے آج ریاست میں 15 مئی تک لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ وزرا اور عہدیداروں سے ملاقات کے بعد لیا گیا ہے۔
وزیر اعلی نے ٹویٹ کیا ’’اس کے تفصیلی رہنما خطوط اور دیگر سرگرمیوں کے سلسلے میں، بحران انتظامیہ گروپ کو آج کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔‘‘
لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ پٹنہ ہائی کورٹ کے ذریعے کورونا وائرس کے معاملات میں اضافے کو لے کر ریاستی حکومت کی تنقید کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔
پٹنہ ہائی کورٹ کے جسٹس چکردھاری شرن سنگھ اور موہت کمار شاہ کے بنچ نے مشاہدہ کیا تھا کہ ’’یہ مکمل طور پر ایک ناکامی کی طرح ہے۔۔۔۔ایسا لگتا ہے کہ حکومت عدم استحکام کی کیفیت سے دوچار ہے۔‘‘
عدالت نے کہا کہ ریاست میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جانا چاہیے۔ اس نے مزید کہا ’’یا تو ریاستی حکومت لاک ڈاؤن کا اعلان کرے یا عدالت کو مناسب حکم جاری کرنا پڑے گا۔‘‘
ججوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے پاس صحت کے اس بحران سے نمٹنے کے لیے کوئی عملی منصوبہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا ’’ہم نے ریاستی حکومت کو 15 اپریل کو کوویڈ 19 انتظامیہ کے لیے ایک جامع ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی تھی اور اس کے بعد سے ہم یہ بات اس وبائی امراض کی پی آئی ایلز [عوامی مفادات کی قانونی چارہ جوئیوں] پر ہر سماعت کے دوران دہراتے رہے ہیں لیکن فائدہ نہیں ہوا۔ آپ نے جو بھی منصوبہ پیش کیا ہے وہ قابل قبول نہیں ہے اور 15 اپریل سے کوئی موثر اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے۔‘‘
اس سے قبل لاک ڈاؤن مسلط نہ کرنے پر راشٹریہ جنتا دل کے تیجسوی یادو نے بھی وزیر اعلیٰ کو نشانہ بنایا تھا۔
لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد یادو نے ٹویٹ کیا ’’15 دن سے پوری اپوزیشن لاک ڈاؤن کا مطالبہ کررہی تھی، لیکن چھوٹا بھائی اپنے بڑے بھائی کے حکم پر عمل پیرا تھا کہ لاک ڈاؤن 2 مئی تک نہیں ہونا ہے۔ اب جب انفیکشن ایک گاؤں سے دوسرے گاؤں تک پھیل چکا ہے تو وہ دکھاوا کر رہے ہیں۔ اس بحران میں نچلے درجے کے چال اور سیاست سے نکل آئیں، باز آجائیں۔‘‘
15 दिन से समूचा विपक्ष लॉकडाउन करने की माँग कर रहा था लेकिन छोटे साहब अपने बड़े साहब के आदेश का पालन कर रहे थे कि 2 मई तक लॉकडाउन नहीं करना है।
अब जब गाँव-गाँव, टोला-टोला संक्रमण फैल गया तब दिखावा कर रहे है। इस संकट काल में तो निम्नस्तरीय नौटंकी और राजनीति से बाहर आइये, बाज आइए। https://t.co/nfu0Ai99QA
— Tejashwi Yadav (@yadavtejashwi) May 4, 2021
پیر کے روز انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کی بہار یونٹ کے ساتھ ساتھ پٹنہ کے چار سرکاری اسپتالوں کے سربراہوں نے بھی حکومت سے 15 دن کا لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی اپیل کی تھی۔
پی ٹی آئی کے مطابق بہار میں پیر کے روز 11،407 نئے کورونا وائرس کیسز رجسٹر ہوئے اور 82 اموات ہوئی ہیں۔ ریاست میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2،821 ہوگئی ہے۔