کورونا وائرس: گذشتہ ایک دن میں ریکارڈ 3،780 اموات، 3.8 لاکھ نئے کیسز ہوئے درج

نئی دہلی، مئی 5: ملک بھر میں گذشتہ ایک دن میں 3،780 افراد نے کوویڈ 19 کی وجہ سے اپنی جان گنوا دی۔ یہ وبائی بیماری کی شروعات کے بعد سے اب تک ایک دن میں اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

ملک میں اب تک مجموعی طور پر اس وائرس سے 2،26،188 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

دریں اثنا گذشتہ روز ہندوستان بھر میں کورونا وائرس کے 3،82،315 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے، جس کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد دو کروڑ کا ہندسہ عبور کرچکی ہے۔ ملک میں اب تک 2،06،65،148 درج ہوئے ہیں۔

ملک میں اس وقت فعال کیسز کی تعداد 34،87،229 ہے، جب کہ 1،79،51،731 مریض اس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

دریں اثنا ملک میں اب تک 16،04،94،188 افراد کو ویکسین دی جاچکی ہے۔ صرف منگل کو ہی 14،84،989 افراد کو ویکسین دی گئی۔

معلوم ہو کہ ہندوستان میں مختلف ریاستوں کو دوائیوں، آکسیجن اور بستروں کی قلت کا سامنا ہے۔ اس کے پیش نظر دہلی ہائی کورٹ نے مرکز کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ دارالحکومت کو آکسیجن کی فراہمی سے متعلق عدالت کے احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں شروع نہیں کی جائے۔ یکم مئی کو دہلی ہائی کورٹ نے مرکز کو ہدایت کی تھی کہ شہر کے لیے مختص کوٹہ 490 میٹرک ٹن آکسیجن ’’کسی بھی طرح‘‘ فراہم کیا جائے۔‘‘

وہیں الہ آباد ہائی کورٹ نے بھی اتر پردیش میں کورونا وائرس کے ناقص انتظام کو لے کر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ عدالت نے کہا ’’ہمیں یہ مشاہدہ کرنے میں تکلیف ہو رہی ہے کہ اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے کوویڈ سے متاثر مریضوں کی موت ایک مجرمانہ فعل ہے اور یہ عمل لوگوں کی نسل کشی سے کم نہیں۔ جن کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ مائع طبی آکسیجن کی مسلسل خریداری اور سپلائی چین کو یقینی بنائیں۔

جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق دسمبر 2019 میں وبائی امراض پھیلنے کے بعد سے اب تک پوری دنیا میں 15.39 کروڑ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 32.23 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔