ملکارجن کھڑگے کا کہنا ہے کہ کانگریس، راہل گاندھی کو پارٹی کے صدر کا عہدہ قبول کرنے کے لیے راضی کرے گی

نئی دہلی، اگست 27: کانگریس، راہل گاندھی کو پارٹی کے سربراہ کے طور پر واپس آنے کے لیے راضی کرے گی، کیوں کہ اس تنظیم میں کسی اور کی بھی پوری ہندوستان میں ان جیسی اپیل نہیں ہے۔ یہ باتیں راجیہ سبھا کے رکن ملکارجن کھڑگے نے جمعہ کو کہیں۔

کھڑگے نے کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ سے دو دن پہلے یہ بیان دیا، جس کے دوران پارٹی کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ پارٹی کے اگلے سربراہ کے انتخاب کے شیڈول کو حتمی شکل دے گا۔

راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ جو بھی کانگریس کی سربراہی کا خواہش مند ہے اسے کنیا کماری سے کشمیر اور مغربی بنگال سے گجرات تک عوامی حمایت حاصل کرنی چاہیے۔ ’’آپ مجھے متبادل بتائیں۔ ایسا کون ہے؟‘‘۔

22 اگست کو رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ گاندھی نے کانگریس صدر کے عہدے کے لیے الیکشن لڑنے سے انکار کر دیا ہے۔ کانگریس کی موجودہ صدر سونیا گاندھی نے بھی مبینہ طور پر صحت کی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے اس عہدے پر برقرار نہ رہنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

کھڑگے نے تاہم کہا کہ راہل گاندھی کو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی سے لڑنے کے لیے چارج سنبھالنے کے لیے کہا جائے گا۔ راجیہ سبھا ایم پی نے کہا ’’ہم ان سے پوچھیں گے، ہم انھیں مجبور کریں گے اور ان سے [کانگریس کے صدر کے طور پر واپس آنے کی] درخواست کریں گے۔ ہم ان کے پیچھے کھڑے ہیں۔‘‘

منگل کو راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے بھی کہا تھا کہ گاندھی کو پارٹی صدر کا عہدہ قبول کرنا چاہیے۔

انھوں نے کہا تھا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے تقریباً 250 ارکان چاہتے ہیں کہ گاندھی پارٹی کی باگ ڈور واپس سنبھالیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ جب ان کے بارے میں یک طرفہ رائے ہے تو مجھے لگتا ہے کہ انھیں یہ قبول کرنا چاہیے۔

جولائی 2019 میں راہول گاندھی نے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی خراب کارکردگی کے بعد کانگریس کے سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ کانگریس نے انتخابات میں 543 پارلیمانی نشستوں میں سے صرف 52 پر کامیابی حاصل کی تھی۔

راہل گاندھی کے استعفیٰ کے بعد سے سونیا گاندھی پارٹی کی عبوری سربراہ ہیں۔ اگست 2020 میں 23 کانگریس رہنماؤں کے ایک گروپ نے، جسے G-23 کے نام سے جانا جاتا ہے، انھیں پارٹی کی تنظیم کی مکمل اصلاح کے لیے دباؤ ڈالنے کے لیے خط لکھا تھا۔ G-23 کے رہنماؤں نے بارہا کہا ہے کہ پارٹی کو ایک فعال صدر کی ضرورت ہے۔