سی بی ایس ای نے دہلی ہائی کورٹ کو بتایا کہ ملک بھر کے لیے یکساں نصاب بنانا مناسب نہیں
نئی دہلی، اکتوبر 1: سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے دہلی ہائی کورٹ کو بتایا کہ ہندوستان بھر میں یکساں بورڈ اور اسکول کا یکساں نصاب مقامی ثقافتوں اور سیاق و سباق کو مدنظر رکھنے سے قاصر ہوگا۔
سی بی ایس ای، وکیل اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اے کے اپادھیائے کی طرف سے دائر درخواست کا جواب دے رہا تھا، جس میں پورے ملک کے لیے یکساں تعلیمی بورڈ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
درخواست میں استدلال کیا گیا تھا کہ سی بی ایس ای، انڈین سرٹیفکیٹ آف سیکنڈری ایجوکیشن اور مختلف نصاب والے ریاستی بورڈز من مانے اور آئین کے خلاف ہیں۔
اپادھیائے نے نوٹ کیا کہ داخلے کے امتحانات کا ایک مشترکہ نصاب ہوتا ہے اور دلیل دی کہ اسکولی تعلیمی بورڈ کے نصاب میں فرق طلباء کے لیے مساوی مواقع میں رکاوٹ ہے۔
تاہم سی بی ایس ای نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ ایک بنیادی عام عنصر کے علاوہ مختلف نصاب کا ہونا ضروری ہے۔ اس کے حلف نامے میں لکھا گیا ہے کہ ’’ایک بچہ ایسے نصاب سے ہی بہتر طور پر منسلک ہو سکتا ہے جو اسکول سے باہر اس کی زندگی سے زیادہ قریب سے جڑا ہوا ہو۔‘‘
سی بی ایس ای نے عدالت کو بتایا کہ اگرچہ نیشنل کونسل فار ایجوکیشن ریسرچ اینڈ ٹریننگ کو رائٹ ٹو ایجوکیشن ایکٹ کے تحت قومی نصاب تیار کرنے کے لیے تعلیمی اتھارٹی کے طور پر مطلع کیا گیا ہے، تاہم ریاستوں نے نصاب کی تیاری کے لیے ریاستی ایجنسیوں کو بھی مطلع کیا ہے۔ بورڈ نے کہا کہ تعلیم کوکنکرنٹ لسٹ میں شامل ایک مضمون ہے۔
اس نے یہ بھی کہا کہ اسکولوں کی اکثریت ریاستی حکومتوں کے دائرۂ اختیار میں ہے اور اس وجہ سے ان کے پاس اپنا نصاب بنانے اور امتحانات منعقد کرنے کا اختیار ہے۔
CBSE نے کہا کہ تعلیمی تحقیق اور تربیت کی ریاستی کونسلوں کے ساتھ ساتھ ریاستی تعلیمی بورڈ کے پاس NCERT کے ماڈل نصاب اور نصابی کتب کو اپنانے یا اس میں ترمیم کرنے یا قومی نصاب کے فریم ورک کی بنیاد پر اپنا مواد بنانے کا اختیار ہے۔
بورڈ نے عدالت سے استدعا کی کہ اس درخواست کو مسترد کر دیا جائے، یہ کہتے ہوئے کہ اس میں میرٹ کا فقدان ہے۔ کیس کی سماعت 10 اکتوبر کو ہونے والی ہے۔