مرکزی کابینہ میں ردوبدل: 43 نئے وزرا نے حلف لیا، یہاں دیکھیں وزرا کی مکمل فہرست
نئی دہلی، جولائی 8: نریندر مودی کی زیرقیادت مرکزی کابینہ کی پہلی ردوبدل اور توسیع میں بدھ کے روز 43 لیڈروں نے وزرا کے عہدے کا حلف لیا۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر رام ناتھ کووند نے جن 43 لوگوں کو حلف دلایا، ان میں سے 15 رہنماؤں کو کابینہ کے عہدے کی وزارتیں الاٹ کی گئیں ہیں، جب کہ 28 دیگر وزراء مملکت کا عہدہ سنبھالیں گے۔
انوراگ ٹھاکر، کرن رجیجو، مانسکھ مانڈویہ ، جے کشن ریڈی اور ہردیپ سنگھ پوری کو وزراء مملکت اور آزاد چارج کے سابقہ قلمدانوں سے ترقی دیتے ہوئے کابینہ کے عہدے کے وزرا کے طور پر ترقی دی گئی ہے۔ وہیں نئی وزارت منسٹری آف کوآپریشن کو بھی وزیر داخلہ امت شاہ کے حوالے کیا گیا ہے۔
وزرا کے نئے چہروں میں گزشتہ سال کانگریس سے علاحدگی اختیار کرنے والے جیوترادتیہ سندھیا اور آسام کے سابق وزیر اعلی سربانند سونووال نمایاں نام ہیں۔ لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ پشوپتی کمار پارس کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ اقدام پارس کے لیے اعتماد کا ووٹ ہے، جنھوں نے اپنے بھتیجے چراغ پاسوان کے خلاف بغاوت کی تھی، جس کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کی یہ اتحادی پارٹی جون میں دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئی۔
حلف برداری کی تقریب کے فوراً بعد ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے نئے وزرا کو مبارکباد دی۔ انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’ہم لوگوں کی امنگوں کی تکمیل اور ایک مضبوط اور خوش حال ہندوستان کی تعمیر کے لیے کام کرتے رہیں گے۔‘‘
28 Ministers inducted as Ministers of State including Meenakshi Lekhi, Pankaj Choudhary, Anupriya Patel, Shobha Karandlaje #CabinetExpansion2021 pic.twitter.com/JRcm09roY4
— ANI (@ANI) July 7, 2021
اس سے قبل دن میں حلف برداری کی تقریب سے قبل 12 وزراء نے مرکزی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ انفارمیشن ٹکنالوجی اور وزیر قانون روی شنکر پرساد، وزیر صحت ہرش وردھن اور وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر ان میں نمایاں نام ہیں۔
یہ ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت کو کورونا وائرس وبائی امراض کی دوسری لہر سے نمٹنے اور ملک میں ضروری اشیا کی بڑھتی قیمتوں پر قابو نہ پانے کے سبب شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اگلے سال پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مدِ نظر بھی یہ اہم پیش رفت ہے۔