بی جے پی ان تمام مندروں کو دوبارہ تعمیر کرے گی، جنھیں مساجد کی تعمیر کے لیے مسمار کیا گیا ہو: سنگیت سوم
نئی دہلی، ستمبر 22: اترپریش کے میرٹھ میں سردھانا اسمبلی سے بی جے پی کے ایم ایل اے سنگیت سوم نے منگل کو دعویٰ کیا کہ بی جے پی ان تمام مندروں کو دوبارہ تعمیر کرے گی جو مساجد کی تعمیر کے لیے مسمار کیے گئے تھے۔
سوم نے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کو ’’موسمی ہندو‘‘ قرار دیتے ہوئے یہ دعویٰ کیا۔
پچھلی سماج وادی پارٹی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سنگیت سوم نے کہا ’’جو لوگ اپنے دور حکومت میں دور اندیشوں کو نشانہ بناتے تھے اب وہ ان سے معافی مانگنے کے لیے ہریدوار جا رہے ہیں اور انھوں نے بھگوان وشواکرما مندر بنانے کا اعلان کیا ہے۔‘‘
سوم ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہا تھا، جو کہ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی گزشتہ ساڑھے چار سالوں کی کامیابیوں کی تفصیل کے لیے بلائی گئی تھی۔
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کا مذاق اڑاتے ہوئے سوم نے کہا ’’آئندہ یوپی اسمبلی انتخابات سے پہلے بہت سے لوگ موسمی ہندو بن جاتے ہیں۔ جن لوگوں نے عقیدت مندوں پر فائرنگ کا حکم دیا وہ اب مندر بنانے کی بات کر رہے ہیں۔‘‘
سوم نے دعویٰ کیا کہ ’’جہاں بھی مساجد کی تعمیر مندر کو مسمار کرنے کے بعد کی گئی ہے، وہاں دوبارہ مندر تعمیر کیا جائے گا۔‘‘
سوم نے مزید کہا ’’ہندوستان ہندوؤں کا ہے۔ یہاں ہر آدمی ہندو ہے۔ یہاں تک کہ مسلمان بھی ہندو ہیں۔‘‘
سنگیت سوم نے، جو 2013 کے مظفر نگر فرقہ وارانہ فسادات کا بھی ملزم ہے، دعویٰ کیا کہ بی جے پی آئندہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں کم از کم 350 سیٹیں جیت کر اتر پردیش میں ایک بار پھر حکومت بنائے گی۔