بی جے پی نے اتر پردیش ضلع پنچایت صدر انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کی، اکھلیش یادو نے بھگوا پارٹی پر طاقت کے استعمال کا الزام عائد کیا

نئی دہلی، جولائی 4: این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے ہفتے کے روز اتر پردیش میں ڈسٹرکٹ پنچایت چیف کے عہدوں پر انتخابات میں75 میں سے 67 سیٹوں پر جیت حاصل کرتے ہوئے زبردست کامیابی کا مظاہرہ کیا۔

اکھلیش یادو کی زیرقیادت سماج وادی پارٹی صرف پانچ سیٹیں ہی جیت سکی اور انھوں نے الزام لگایا کہ حکمران جماعت نے لوگوں کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا ہے۔

ہفتہ کو ہونے والے انتخابات میں راشٹریہ لوک دل، جن ستہ دل ایک ایک نشست اور ایک نشست پر ایک آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ مایاوتی کی بہوجن سماج پارٹی نے ان انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا اور یہ دعوی کیا تھا کہ یہ شفاف انداز میں نہیں ہوں گے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندی میں ٹویٹ کیا ’’اتر پردیش ضلع پنچایت انتخابات میں بی جے پی کی شاندار فتح ریاست کی ترقی، عوامی خدمت اور قانون کی حکمرانی کے لیے عوام کی طرف سے دی گئی نعمت ہے۔ اس کا سہرا وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی پالیسیوں اور کارکنوں کی محنت کو جاتا ہے۔ اس کے لیے اترپردیش حکومت اور بی جے پی تنظیم کو مبارکباد۔‘‘

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی صدر جے پی نڈا نے بھی جیت کے لیے آدتیہ ناتھ کو مبارکباد دی ہے۔

تاہم پی ٹی آئی کے مطابق اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ بھگوا پارٹی نے انتخابات کے دوران تمام جمہوری اصولوں کا مذاق اڑایا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ نے ایک بیان میں دعوی کیا کہ ’’اپنی شکست کو فتح میں تبدیل کرنے کے لیے بی جے پی نے ووٹرز کو اغوا کیا، پولیس اور انتظامیہ کی مدد سے طاقت کا استعمال کیا۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاستی الیکشن کمیشن کو ایک میمورنڈم دینے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی نے یہ بھی کہا کہ یہ حیرت کی بات ہے کہ ضلع پنچایت ممبروں کے انتخابات میں سب سے زیادہ نتائج ان کی پارٹی کے حق میں ہونے کے باوجود بی جے پی نے ڈسٹرکٹ پنچایت چیف کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انھوں نے دعوی کیا کہ ’’انھوں نے اکثریت کو دھوکہ دیا ہے۔ انتظامی عہدیدار بھی اس میں شامل تھے۔‘‘

معلوم ہو کہ ریاست کے بلدیاتی انتخابات کو اترپردیش میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل بڑی اہمیت کے ساتھ دیکھا جارہا ہے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق سنہ 2016 میں یادو کی پارٹی نے 75 میں سے 60 نشستیں حاصل کی تھیں۔ اس وقت یادو وزیر اعلی تھے۔ ایک سال بعد ان کی جگہ آدتیہ ناتھ نے لی۔

انتخابات کے ان نتائج کے بعد اتر پردیش بی جے پی کے صدر سوتنترا دیو سنگھ نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ پارٹی 2022 میں بھی دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔