بی جے پی اور آر ایس ایس جان بوجھ کر نفرت پیدا کرکے ملک کو تقسیم کررہے ہیں: راہل گاندھی
نئی دہلی، ستمبر 4: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اتوار کو بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے نظریاتی سرپرست راشٹریہ سویم سیوک سنگھ پر خوف اور نفرت پیدا کرکے ملک کو جان بوجھ کر تقسیم کرنے کا الزام لگایا۔
راہل گاندھی نے کہا ’’وہ خوف پیدا کرتے ہیں اور لوگوں کو تقسیم کرتے ہیں۔ اس خوف کا فائدہ کس کو ملتا ہے؟ کیا یہ غریب، کسان یا چھوٹے تاجروں کو ملتا ہے؟ نریندر مودی حکومت سے کس کو فائدہ ہو رہا ہے؟ نفرت اور خوف کا فائدہ صرف دو کارپوریٹ لوگوں کو مل رہا ہے۔‘‘
گاندھی نے یہ بیان دہلی کے رام لیلا میدان میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف کانگریس کے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔
’’مہنگائی پر ہلہ بول‘‘ ریلی میں کانگریس کے سابق سربراہ نے یہ بھی کہا کہ وہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی پوچھ گچھ سے نہیں ڈرتے۔
انھوں نے کہا ’’ای ڈی [انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ] نے مجھے 55 گھنٹے بیٹھنے کو کہا… لیکن میں آپ [نریندر مودی] کی ای ڈی سے نہیں ڈرتا۔ چاہے وہ 55 گھنٹے بیٹھائیں یا پانچ مہینے یا پانچ سال۔‘‘
گاندھی نیشنل ہیرالڈ اخبار سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں جون میں پانچ مواقع پر پوچھ گچھ کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔
اس معاملے میں کانگریس کی عبوری سربراہ سونیا گاندھی اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے۔
اتوار کی ریلی میں راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کا سرکاری اداروں پر دباؤ ہے۔
انھوں نے کہا کہ میڈیا، عدلیہ، الیکشن کمیشن جیسے اداروں پر دباؤ ہے اور حکومت ان سب پر حملہ کر رہی ہے۔