بہار: نتیش کمار 24 اگست کو فلور ٹیسٹ میں اکثریت ثابت کریں گے
نئی دہلی، اگست 11: نتیش کمار کی قیادت والی بہار حکومت 24 اگست کو ریاستی اسمبلی میں فلور ٹیسٹ میں اپنی اکثریت ثابت کرے گی۔
منگل کو کمار نے بی جے پی کی زیرقیادت قومی جمہوری اتحاد کے ساتھ ناطہ توڑ لیا تھا اور ایک دن بعد راشٹریہ جنتا دل کے زیرقیادت سات جماعتوں کے گرینڈ الائنس کی حمایت سے آٹھویں بار بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔
راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ تیجسوی یادو نے ان کے نائب کے طور پر حلف لیا۔
منگل کو جب کمار اور یادو نے نئی حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا تو انھوں نے گورنر پھگو چوہان کو بتایا کہ گرینڈ الائنس کو 164 ایم ایل اے کی حمایت حاصل ہے۔ بہار اسمبلی میں 243 سیٹیں ہیں، لیکن فی الحال ایک سیٹ خالی ہے۔ اسمبلی میں اکثریت کا نمبر 122 ہے۔
این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق 24 اگست کو ریاستی اسمبلی بلانے کا فیصلہ موجودہ اسپیکر وجے کمار سنہا کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ہموار طریقے سے منظور کرنے کے لیے لیا گیا ہے۔
بدھ کو مہا گٹھ بندھن کے 55 ایم ایل ایز نے سنہا کے خلاف تحریک پیش کی، جو بی جے پی کے رکن اسمبلی ہیں۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق نیا اتحاد فلور ٹیسٹ سے پہلے انھیں ہٹانا چاہتا ہے۔
تاہم تحریک کو پیش کیے جانے کے دو ہفتے بعد ہی ووٹنگ کے لیے معاملہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ یہ مدت 24 اگست کو ختم ہو رہی ہے۔
خبروں کے مطابق بہار اسمبلی کا نیا اسپیکر راشٹریہ جنتا دل سے ہونے کا امکان ہے۔