بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے یوم آزادی کے موقع پر اپنی تقریر میں 20 لاکھ نوکریوں کا وعدہ کیا

نئی دہلی، اگست 15: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیر کو 20 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا اعلان کیا، جس میں ریاست میں 10 لاکھ سرکاری ملازمتیں شامل ہیں۔

انھوں نے کہا ’’ہم ریاست کے بچوں کے لیے ملازمتوں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے بہت کچھ کریں گے، سرکاری اور غیر سرکاری دونوں، اگر ہم کامیاب ہو جاتے ہیں، تو ہم یہ تعداد 20 لاکھ تک لے جانا چاہتے ہیں۔‘‘

کمار نے یہ اعلان پٹنہ کے گاندھی میدان میں یوم آزادی کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران کیا۔

یہ اعلان ان کے نائب تیجسوی یادو کے اس بیان کے دو دن بعد سامنے آیا ہے کہ بہار جلد ہی ملک میں سب سے زیادہ سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے والی ریاست بن جائے گی۔ انھوں نے پہلے بہار کے شہریوں کو 10 لاکھ سرکاری نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا۔

پیر کو یادو نے وزیر اعلیٰ کے اس اعلان کو تاریخی قرار دیا۔

یادو نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’’بہار میں گاندھی میدان سے بے روزگاروں اور نوجوانوں کی توقعات اور خوابوں کے مطابق 10 لاکھ نوکریوں اور دیگر 10 لاکھ ملازمتوں کا بندوبست کرنے کے تاریخی اعلان کے لیے محترم وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا بہت شکریہ۔ میں اور آپ بہار کو ترقی راہ پر لے جائیں گے۔ یہ ہمارا حلف ہے!‘‘

نتیش کمار کی قیادت والی جنتا دل (یونائیٹڈ) نے 9 اگست کو بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلقات منقطع کر لیے اور راشٹریہ جنتا دل کی زیرقیادت سات جماعتوں کے گرینڈ الائنس میں شمولیت اختیار کی۔

کمار نے 10 اگست کو نئی حکومت کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا اور یادو نے ان کے نائب کے طور پر حلف لیا۔

پیر کو اپنی تقریر میں کمار نے دعویٰ کیا کہ 2006 سے ریاست میں کوئی فرقہ وارانہ کشیدگی نہیں ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق انھوں نے کہا ’’اس طرح کے معاملات میں پولیس کی کارروائی بہت تیز رہی ہے۔ نتیجے کے طور پر فرقہ وارانہ کشیدگی کے معاملات ان برسوں میں صرف کم ہی ہوئے ہیں۔‘‘

کمار نے ریاست میں شراب پر پابندی عائد کرنے کے اپنے فیصلے کا بھی دفاع کیا اور کہا کہ انھوں نے موہن داس کرم چند گاندھی کے اصولوں پر عمل کرنے کی کوشش کی۔

گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے کمار نے کہا ’’شراب نہ صرف لوگوں کا پیسہ لوٹتی ہے بلکہ ان کے جینے کی وجہ بھی۔‘‘

بہار میں اپریل 2016 سے شراب کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد ہے۔