بھٹنڈہ ملٹری اسٹیشن پر فائرنگ سے چار افراد ہلاک

نئی دہلی، اپریل 12: بدھ کی صبح پنجاب کے بٹھنڈہ ملٹری اسٹیشن پر فائرنگ کے واقعے میں چار افراد ہلاک ہو گئے۔

فوج کے مطابق یہ واقعہ صبح 4.35 بجے کے قریب پیش آیا۔

فوج نے کہا، "اسٹیشن کوئک ری ایکشن ٹیموں کو فعال کر دیا گیا ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کر دیا گیا ہے۔ اس وقت تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔‘‘

پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس ایس پی ایس پرمار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ واقعہ دہشت گردانہ حملہ نہیں تھا۔ انھوں نے کہا کہ یہ باہر کا حملہ نہیں ہے۔ ’’یہ ایک اندرونی واقعہ ہے۔‘‘

دی ہندو کی خبر کے مطابق ہلاک ہونے والے چار اہلکار اس وقت سو رہے تھے جب فائرنگ بیرک کے قریب ہوئی۔ بھٹنڈہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اجے گاندھی نے بتایا کہ جوانوں کی شناخت ساگر بنّے (25)، کملیش آر (24)، یوگیش کمار جے (24) اور سنتوش ایم نگرل (25) کے طور پر کی گئی ہے۔

اس واقعے کے بعد ملٹری اسٹیشن کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔

اے این آئی کے مطابق ہندوستانی فوج نے کہا کہ اہلکاروں کے زخمی ہونے یا املاک کو پہنچنے والے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

فوج نے کہا ’’علاقے کو سیل کیا جا رہا ہے اور پنجاب پولیس کے ساتھ مشترکہ تحقیقات کو اس معاملے کے حقائق کا تعین کرنے کے لیے مربوط کیا جا رہا ہے۔ تمام پہلوؤں کا پتہ لگایا جا رہا ہے جس میں ایک INSAS رائفل کے ملوث ہونے کے ممکنہ کیس کے ساتھ ساتھ 28 راؤنڈز بھی شامل ہیں جن کے دو دن پہلے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی تھی۔‘‘

فوج نے کہا کہ فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو مطلع کیا جا رہا ہے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو بھی اس واقعہ کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔