آسام حکومت 15 فروری سے کورونا وائرس سے متعلق تمام پابندیاں ہٹا لے گی

نئی دہلی، فروری 7: وزیرِ اعلیٰ ہیمنتا بسوا سرما نے آج کہا کہ آسام میں کورونا وائرس سے متعلق تمام پابندیاں 15 فروری سے ہٹا دی جائیں گی کیوں کہ ریاست میں کیسوں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق سرما نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ’’یہاں رات کا کرفیو نہیں ہوگا، مال اور سنیما ہال پوری صلاحیت کے ساتھ کھلیں گے اور شادیاں رات بھر منعقد کی جا سکتی ہیں لیکن مہمانوں کو دونوں ٹیکے لگوائے جائیں۔‘‘

انھوں نے کہا کہ اسکول بورڈ کے امتحانات، میونسپل انتخابات اور مجولی اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات اگلے دو ماہ میں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ بورڈ کے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبا کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے ٹیکے ضرور لگوانے چاہئیں۔

انھوں نے مزید کہا ’’ہر جگہ ماسک پہننا لازمی ہوگا۔‘‘

آسام میں گزشتہ ہفتے سے کورونا وائرس کے معاملات میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔ 31 جنوری کو ریاست میں 1,811 نئے کوویڈ 19 کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے اور مثبتیت کی شرح 4.66 فیصد تھی۔ اتوار کو آسام میں 256 نئے کیسز درج ہوئے اور مثبت شرح 2.39 فیصد تک گر گئی۔