آسام نے سرکاری امتحان کے دوران دھوکہ دہی کو روکنے کے لیے 24 اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل کردیں

نئی دہلی، اگست 21: آسام حکومت نے امتحان میں دھوکہ دہی کو روکنے کے لیے اتوار کو 24 اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ خدمات کو چار گھنٹے کے لیے معطل کر دیا۔

18 اگست کو ایک حکم نامے میں ریاست کے محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری نیرج ورما نے کہا کہ موبائل انٹرنیٹ اتوار کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے اور دوپہر 2 بجے سے شام 4 بجے تک معطل رہے گا۔ 28 اگست، اگلے اتوار، کو ریاست کے 35 میں سے 25 اضلاع میں انٹرنیٹ خدمات کو روک دیا جائے گا۔

آرڈر میں مزید کہا گیا کہ براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات فعال رہیں گی۔

یہ امتحانات آسام حکومت میں گریڈ III اور گریڈ IV کی 30,000 آسامیوں کو پر کرنے کے لیے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ 21 اگست، 28 اگست اور 11 ستمبر کو ہونے والے امتحانات میں 14 لاکھ سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔

آرڈر میں اس بات کا ذکر نہیں کیا گیا ہے کہ آیا 11 ستمبر کو بھی انٹرنیٹ خدمات معطل رہیں گی۔

حکومتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پہلے مواقع پر امیدواروں نے فیس بک، واٹس ایپ اور یوٹیوب جیسے ذرائع کا سہارا لیا تھا۔ پرنسپل سکریٹری ورما نے کہا کہ موبائل انٹرنیٹ خدمات کو معطل کرنے کا فیصلہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے لیا گیا ہے کہ امتحان ’’آزاد، منصفانہ اور شفاف طریقے سے‘‘ منعقد ہوں۔

انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق بدھ کے روز وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے بھی انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کا اعلان کیا اور زحمت کے لیے معذرت کی۔

انھوں نے کہا ’’یہ صرف ایک امتحان نہیں ہے۔ اگر ہم 30 ہزار لوگوں کو مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کر لیں تو حکومت کا چہرہ بدل جائے گا۔‘‘

11 ستمبر کے امتحان کے موقع پر سرما نے کہا کہ حکومت اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا انٹرنیٹ خدمات کو معطل کرنے کی ضرورت ہے، کیوں کہ اس دن بہت کم امیدوار امتحان میں شریک ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہم کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔ ’’اگر امتحان کے دوران ایک شخص بھی واٹس ایپ پر سوالیہ پرچہ لیک کرتا ہے تو افراتفری پھیل جائے گی۔‘‘

ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت چار یا اس سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی کے امتناعی احکامات 21 اگست، 28 اگست اور 11 ستمبر کو امتحان کے مقامات اور اطراف میں نافذ کیے گئے ہیں۔