آسام: سونیت پور ضلع میں بے دخلی مہم جاری

نئی دہلی، ستمبر 3: پی ٹی آئی نے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی کہ آسام حکومت نے جمعہ کو سونیت پور ضلع میں 330 ایکڑ اراضی پر بے دخلی مہم شروع کی ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ یہ مہم دریائے برہم پترا کے شمالی کنارے پر بارچلہ اسمبلی حلقہ کے تحت نمبر 3 چتلماری علاقے میں چلائی جا رہی ہے۔ مکانات اور دیگر تعمیرات کو گرانے کے لیے تقریباً 50 کھدائی کرنے والوں کو کارروائی میں شامل کیا گیا ہے۔

ہیمنتا بسوا سرما کی زیرقیادت حکومت نے مبینہ تجاوزات سے سرکاری اراضی کے پلاٹوں کو خالی کرنے کے لیے متعدد بے دخلی مہم چلائی ہے۔ جن لوگوں کو بے دخل کیا گیا ہے یا خالی کرنے کے لیے کہا جا رہا ہے ان میں سے بہت سے غریب مسلمان ہیں جنھوں نے پہلے سیلاب اور کٹاؤ میں اپنی زمین کھو دی تھی۔

اکتوبر 2021 میں ان میں سے ایک مہم کے دوران درانگ ضلع کے سپاجھار علاقے میں دو افراد مارے گئے تھے، جب آسام پولیس نے بے دخلی کے خلاف احتجاج کرنے والے دیہاتیوں پر گولی چلائی۔

جمعہ کے روز سونیت پور میں بے دخلی کی اس مہم کی نگرانی کرنے والوں میں شامل ایک پولیس اہلکار نے کہا کہ علاقے کے مکین پہلے ہی اپنے گھر خالی کر چکے ہیں۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق اس علاقے میں 299 خاندان رہائش پذیر تھے۔

اہکار نے کہا ’’بے دخلی مہم اب تک کسی نامناسب واقعے سے پاک رہی ہے۔ امن و امان کی خرابی کی کوئی صورت حال نہیں ہے۔‘‘

ایک ضلعی اہلکار نے بتایا کہ وہاں سے بے دخل کیے جانے والوں میں سب سے زیادہ خاندان بنگالی بولنے والے مسلمان ہیں، اس کے بعد بنگالی ہندو اور گورکھے۔

اسپیشل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (امن و امان) گیانیندر پرتاپ سنگھ نے کہا کہ ریاستی حکومت اس مقام پر ایک سولر پاور پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

جن رہائشیوں کو بے دخل کیا جا رہا تھا ان میں سے کچھ کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے انھیں کوئی بازآبادکاری فراہم نہیں کی گئی ہے۔

ایک خاتون نے پی ٹی آئی کو بتایا ’’ہم یہاں کئی دہائیوں سے رہ رہے ہیں۔ ہمارے پاس کوئی نوکری نہیں ہے اور ہم یہاں کھیتوں کے باہر رہتے ہیں۔ ہمیں نہیں معلوم کہ ہم کہاں جائیں گے۔‘‘

رہائشیوں نے بتایا کہ ان میں سے زیادہ تر لوگ کئی سال پہلے بڑے پیمانے پر کٹاؤ کے بعد برہم پترا ندی کے جنوبی کنارے پر واقع ناگون اور موریگاؤں اضلاع سے ہجرت کر گئے تھے۔

تاہم بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے گنیش کمار لمبو نے دعویٰ کیا کہ بے دخل کیے جانے والوں میں سے زیادہ تر کے گھر دوسرے علاقوں میں بھی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ وہ بغیر کسی احتجاج کے جا رہے ہیں۔