’’بطور منی پوری میں چاہتا ہوں کہ اے ایف ایس پی اے کو منسوخ کیا جائے‘‘: وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ
نئی دہلی، جنوری 24: منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ نے اتوار کے روز کہا کہ وہ اور ریاست کے لوگ آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ (اے ایف ایس پی اے) کی معطلی چاہتے ہیں۔ تاہم پی ٹی آئی کے مطابق بی جے پی رہنما نے مزید کہا کہ قومی سلامتی اب بھی اولین ترجیح ہے۔
سنگھ نے کہا ’’میرا خیال ہے کہ مرکزی حکومت کی رضامندی سے اے ایف ایس پی اے کو بتدریج ہٹایا جا سکتا ہے۔ لیکن، ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ میانمار میں کوئی سیاسی استحکام نہیں ہے اور ہم اس قوم کے ساتھ سرحدیں بانٹتے ہیں۔‘‘
پچھلے چند مہینوں کے دوران شمال مشرقی ریاستوں میں سول سوسائٹیوں اور قبائلی اداروں نے اے ایف پی ایس اے کو منسوخ کرنے کے اپنے دیرینہ مطالبے کو ایک بار پھر آگے بڑھانا شروع کر دیا ہے، جس کے تحت فوج کے اہلکاروں کو تلاش کرنے، گرفتار کرنے اور اگر وہ ضروری سمجھتے ہیں تو گولی چلانے کے وسیع اختیارات دیے جاتے ہیں۔
دسمبر میں ناگالینڈ کے مون ضلع میں سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کے ہاتھوں 14 شہریوں کی ہلاکت کے بعد یہ مطالبہ دوبارہ سر اٹھانے لگا۔ تاہم ناگالینڈ میں اس قانون کے نفاذ کو جون تک اور منی پور میں دسمبر تک بڑھا دیا گیا ہے۔
اتوار کو سنگھ نے کہا کہ ’’ایک منی پوری ہونے اور منی پور کے وزیر اعلی کے طور پر‘‘ وہ چاہتے ہیں کہ اس قانون کو ریاست سے منسوخ کیا جائے۔
تاہم سنگھ نے میانمار میں سیاسی عدم استحکام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’’لیکن وہیں یہ بھی ہے کہ زمینی صورتحال کا جائزہ لیے بغیر ایسا کرنا ممکن نہیں ہے۔‘‘
گزشتہ سال فروری میں پڑوسی ملک میں فوجی بغاوت کے بعد سے میانمار کے متعدد شہریوں نے میزورم اور منی پور میں پناہ لی ہے۔ گزشتہ ماہ کالعدم منی پوری باغی گروپ پیپلز لبریشن آرمی کے پانچ عسکریت پسند بھی میانمار میں پائے گئے تھے جنھیں بعد میں منی پور حکومت کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی کو اپنے انٹرویو میں سنگھ نے قومی سلامتی کی اہمیت پر زور دیا اور دعویٰ کیا کہ 2017 میں ریاست کے پہلے بی جے پی چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے منی پور میں شورش میں 90 فیصد کمی آئی ہے۔
گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 60 رکنی ریاستی اسمبلی میں صرف 21 نشستیں حاصل کی تھیں، جب کہ کانگریس نے 28 حلقوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم زعفرانی پارٹی علاقائی تنظیموں نیشنل پیپلز پارٹی اور ناگا پیپلز فرنٹ کی حمایت سے حکومت بنانے میں کامیاب ہو گئی تھی۔
منی پور کی 60 سیٹوں پر دو مرحلوں میں 27 فروری اور 3 مارچ کو پولنگ ہو گی۔ نتائج کا اعلان 10 مارچ کو کیا جائے گا۔