کیپٹن امریندر سنگھ کی نئی پارٹی پنجاب اسمبلی انتخابات میں تمام 117 سیٹوں پر مقابلہ کرے گی، پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ نے کیا اعلان

نئی دہلی، اکتوبر 27: پنجاب کے سابق وزیر اعلی امریندر سنگھ نے آج کہا کہ وہ جلد ہی اپنی نئی سیاسی پارٹی کا آغاز کریں گے اور اگلے سال ہونے والے پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں تمام 117 سیٹوں پر مقابلہ کریں گے۔

چنڈی گڑھ میں ایک پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا ’’[پارٹی کے] نام کا اعلان اس وقت کیا جائے گا جب الیکشن کمیشن اس کا نشان کلیئر کر دے گا۔‘‘

دی انڈین ایکسپریس کے مطابق مسٹر سنگھ نے دعویٰ کیا کہ ’’بہت سارے کانگریسی‘‘ ان کی پارٹی میں شامل ہونے والے ہیں۔

19 اکتوبر کو سنگھ کے میڈیا ایڈوائزر روین ٹھکرال نے کہا تھا کہ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ سیٹ شیئرنگ کے انتظامات کے بارے میں پر امید ہیں۔

اگلے دن ہی بی جے پی نے کہا تھا کہ وہ سنگھ کے ساتھ اتحاد کے لیے تیار ہے۔

سنگھ نے گزشتہ ماہ کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ جھگڑے کے درمیان پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ 30 ستمبر کو انھوں نے کہا تھا کہ وہ کانگریس چھوڑ دیں گے کیوں کہ پارٹی قیادت نے ان کی تذلیل کی، جس نے ان کی جگہ چرنجیت سنگھ چنی کو وزیر اعلیٰ کا عہدہ دیا۔

کیپٹن امریندر سنگھ نے یہ بھی کہا کہ وہ تقریباً 30 دیگر افراد کے ساتھ جمعرات کو وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کریں گے تاکہ مرکز کی طرف سے گزشتہ سال منظور کیے گئے تینوں متنازعہ زرعی قوانین پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔