عام آدمی پارٹی کا بی جے پی پر الزام، دہلی حکومت گرانے کے لیے ایم ایل ایز کو 20 کروڑ کی پیشکش
نئی دہلی، اگست 25: عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے گھر پر سی بی آئی کے حالیہ چھاپے پر مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ آج میں اس حکومت کو بے نقاب کروں گا کہ وہ کس طرح ایجنسیوں کے غلط استعمال کی دھمکی دے کر دہلی حکومت کو گرانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اے اے پی ایم پی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ منیش سسودیا کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی کوششیں اب ایم ایل اے پر کی جارہی ہیں۔ یہ سرکاری تفتیشی ایجنسیاں لوگوں کو بھیج کر ایم ایل اے کو ڈرا رہی ہیں۔ یہ AAP حکومت کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
مودی حکومت پر سنگین الزام لگاتے ہوئے سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی ہمارے ایم ایل اے کو ڈرا رہی ہے کہ یا تو پیسے لے لو ورنہ تمھارے خلاف وہی کریں گے جیسا منیش سسودیا کے خلاف کیا ہے۔ بی جے پی کے لوگ بھی مان رہے ہیں کہ مودی حکومت کا مقصد کیا ہے۔
AAP ایم پی سنجے سنگھ نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی کے چار ایم ایل اے سنجیو جھا، سومناتھ بھارتی، اجے دت اور کلدیپ کمار کو پارٹی توڑنے کے لیے 20 کروڑ روپے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔ انھوں نے مزید الزام لگایا کہ ان ایم ایل ایز کو جھوٹے مقدمات کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔
سنجے سنگھ نے کہا ’’منیش سسودیا پر بی جے پی نے جو تجربہ کیا وہ اب عام آدمی پارٹی کے 4 ایم ایل اے پر کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی والے ہمارے ایم ایل اے کو پارٹی توڑنے کے لیے 20-25 کروڑ روپے دے رہے ہیں۔ ایک طرف دہلی کے وزیر اعلیٰ ہیں جو عوام کی بھلائی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں تو دوسری طرف وزیر اعظم ہیں جو حکومت کے اچھے کاموں سے خوش نہیں اور یہ سب کر رہے ہیں۔‘‘
سنجے سنگھ نے مزید کہا کہ ’’یہ دہلی ہے، یہ کیجریوال کے سپاہی ہیں، لڑیں گے، بکنے والے نہیں ہیں۔ آپ کی کوشش اس بار بھی ناکام ہوگی۔ کیجریوال ملک کے لیے کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔‘‘