پولیس کے ذریعے چھاپے مارے جانے کی تردید کے بعد عام آدمی پارٹی کا کہنا ہے کہ اس کے پاس احمد آباد کے اس کے دفتر پر چھاپے کے ثبوت موجود ہیں
نئی دہلی، ستمبر 12: اروند کیجریوال کی قیادت والی عام آدمی پارٹی نے پیر کو کہا کہ وہ احمد آباد میں اس کے دفتر پر پولیس کے مبینہ چھاپے سے متعلق میڈیا کے سامنے تمام ثبوت رکھنے کے لیے تیار ہے۔
عام آدمی پارٹی کے لیڈر سوربھ بھاردواج نے کہا ’’ہم میڈیا کے سامنے تمام ثبوت رکھنے اور بی جے پی کو بے نقاب کرنے کے لیے تیار ہیں۔ گجرات میں بغیر کسی وارنٹ کے [پولیس] کہیں بھی داخل ہوتی ہے، چھاپے مارتی ہے اور پھر کہتی ہے کہ انھوں نے کوئی چھاپہ نہیں مارا۔‘‘
اتوار کو گجرات میں عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا تھا کہ ریاستی پولیس نے احمد آباد میں ان کے دفتر پر دو گھنٹے تک چھاپہ مارا اور انھیں کچھ نہیں ملا۔ پارٹی لیڈر اسودان گڑھوی کے مطابق جیسے ہی کیجریوال انتخابی مہم کے لیے شہر پہنچے، وہاں چھاپے مارے گئے۔
تاہم نورنگ پورہ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر پی کے پٹیل نے کہا کہ کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا۔
انھوں نے کہا ’’چھاپے کے بارے میں گڑھوی کے ٹویٹ کے بارے میں جاننے کے بعد میں نے اتوار کی رات ذاتی طور پر پارٹی دفتر کا دورہ کیا اور تفصیلات طلب کیں۔ لیکن وہاں موجود پارٹی لیڈروں نے اس بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی کہ کون آیا اور کیا ہوا، جیسا کہ گڑھوی نے دعویٰ کیا ہے۔‘‘
گڑھوی کے ٹویٹر پر چھاپے کے بارے میں پوسٹ کرنے کے چند منٹ بعد، کیجریوال نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی گجرات میں ان کی پارٹی کو ملنے والی ’’بے پناہ حمایت‘‘ سے خوفزدہ ہے۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات دسمبر میں ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ دہلی کے بعد انھوں نے گجرات میں بھی چھاپے مارے ہیں۔ ’’لیکن دہلی کی طرح، انھیں گجرات میں بھی کچھ نہیں ملا۔‘‘
کیجریوال عام آدمی پارٹی کی حکومت کی شراب پالیسی میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق ایک معاملے کے سلسلے میں گذشتہ ماہ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی رہائش گاہ اور بینک لاکر کی تلاشی لینے والے مرکزی تفتیشی بیورو کا حوالہ دے رہے تھے۔
پیر کے روز بھاردواج نے دعویٰ کیا کہ پولیس چھاپے سے اس لیے انکار کر رہی ہے کیوں کہ انھیں دفتر میں پارٹی کے خلاف کچھ نہیں ملا۔