’6 دسمبر سے ہم رام مندر کی تعمیر شروع کر دیں گے‘
بی جے پی لیڈر ساکشی مہاراج کا اکسانے والا بیان
بی جے پی کے شعلہ بیان لیڈر اور رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے 26 اکتوبر کو رام مندر تعمیر سے متعلق بڑا بیان دیا ہے۔ ایک ہندی نیوز پورٹل پر شائع خبر کے مطابق انھوں نے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ ’آئندہ 6 دسمبر سے ہم رام مندر کی تعمیر شروع کر دیں گے۔‘ اتر پردیش کے اناؤ سے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’سپریم کورٹ میں رام مندر کی جاری سماعت مکمل ہو چکی ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ فیصلہ رام مندر کے حق میں آئے گا۔‘
ہفتہ کے روز دیے گئے اپنے بیان میں ساکشی مہاراج نے سپریم کورٹ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’میں اس کے لیے سپریم کورٹ کے ججوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے دونوں فریقین کی بات بہت سنجیدگی کے ساتھ سنی۔‘ ساکشی مہاراج نے مزید کہا کہ ’محکمہ آثار قدیمہ نے اپنے ثبوت سپریم کورٹ میں پیش کر دئیے تھے جو کہ رام مندر تعمیر کی راہ آسان کرتے ہیں۔ شیعہ وقف بورڈ نے بھی لکھ کر دیا ہے کہ ایودھیا میں رام مندر بننا چاہیے۔ اس طرح دیکھا جائے تو ہمارے لیے راہیں آسان ہو گئی ہیں۔‘