آسام: حکومت نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ مئی 2021 سے اب تک آسام پولیس کے ہاتھوں 51 افراد ہلاک ہوئے ہیں

آسام، جون 21: ریاستی حکومت نے منگل کو گوہاٹی ہائی کورٹ کو ایک حلف نامہ میں بتایا کہ آسام پولیس کے ہاتھوں گذشتہ سال مئی سے اب تک 51 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

حکومت کے حلف نامے میں کہا گیا ہے ’’ریکارڈ کے مطابق مئی 2021 سے لے کر 31 مئی 2022 تک پولیس کی کارروائی یا پولیس حراست کے دوران 51 اموات اور 139 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ واقعات ریاست کے 31 اضلاع سے متعلق ہیں۔‘‘

ہائی کورٹ نے محکمہ داخلہ کو دہلی کے وکیل عارف جوادر کی طرف سے دائر مفاد عامہ کی عرضی کے سلسلے میں جواب داخل کرنے کی ہدایت دی تھی۔

دسمبر میں جوادر نے آسام میں پولیس فائرنگ میں اضافے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

جوادر نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ مئی 2021 سے اسی سال دسمبر تک اس طرح کے 80 سے زیادہ واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا تھا کہ اس عرصے میں 28 افراد ’’جعلی مقابلوں‘‘ میں مارے گئے اور 48 زخمی ہوئے۔

جوادر نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ ’’تمام متاثرین انکاؤنٹر کے وقت غیر مسلح تھے اور ان کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگی ہوئی تھیں۔‘‘

وکیل نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے پاس ’’قتل کرنے کا لائسنس نہیں ہے‘‘ اور یہ کہ ضابطہ فوجداری کا مقصد مجرموں کو پکڑنا اور انھیں انصاف کے کٹہرے میں لانا ہے، نہ کہ انھیں قتل کرنا۔ پٹیشن میں کہا گیا تھا کہ ’’اس طرح کے انکاؤنٹر میں ہونے والے قتل متاثرین کو ذاتی آزادی اور زندگی کے حق سے محروم کر دیتے ہیں، جس سے ’قانون کے ذریعے قائم کردہ طریقۂ کار‘ کے سوا انکار نہیں کیا جا سکتا۔‘‘

درخواست گزار نے تمام اضلاع میں انسانی حقوق کی عدالتیں قائم کرنے اور مبینہ فرضی مقابلوں میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو مالی معاوضے کی ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا۔

منگل کو آسام حکومت نے پیش کیا کہ 31 اضلاع میں گزشتہ سال مئی سے اس سال اسی مہینے تک پولیس کارروائی کی وجہ سے لوگوں کی موت یا زخمی ہونے کے 161 کیس درج کیے گئے ہیں۔

حلف نامہ میں کہا گیا ہے کہ ’’161 الگ الگ ایف آئی آرز درج کی گئی تھیں اور سپریم کورٹ کی ہدایات کے بعد پیپلز یونین فار سول لبرٹیز بمقابلہ ریاست مہاراشٹرا کے 2014 کے حکم نامے پر تحقیقات کی گئی تھیں۔ موت کے 32 واقعات کے ساتھ ساتھ ملزمان کی پولیس حراست سے فرار ہونے کے دوران حادثاتی موت کے چار دیگر واقعات ہیں جن کی مختلف تھانوں کے پولیس افسران نے تفتیش کی ہے یا تفتیش کر رہے ہیں۔‘‘

حکومت نے اس الزام کی تردید کی کہ پولیس فائرنگ کے ہر واقعے کی الگ الگ فرسٹ انفارمیشن رپورٹس درج نہیں کی گئیں۔

حلف نامے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’’درخواست گزار کے الزام کے مطابق کوئی ماورائے عدالت قتل نہیں ہوا‘‘۔

اس معاملے میں 15 مارچ کو آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے ریاستی اسمبلی میں پولیس کارروائی کا دفاع کیا۔ سرما نے کہا کہ جنوری اور فروری میں درج ہونے والے مقدمات کی تعداد میں پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 30 فیصد کمی آئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مجرموں کے خلاف پولیس کا سخت موقف کام کر رہا ہے۔

سرما نے کہا ’’جرائم کی شرح میں کمی یہ ظاہر کرتی ہے کہ مجرموں کے خلاف پولیس کی کارروائی نے کام کیا ہے۔ انکاؤنٹرس پر ایوان میں ہمیں بار بار تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ کوئی بھی انکاؤنٹر کی حمایت نہیں کرتا۔ پولیس کو قانون کے اندر رہ کر کام کرنا ہوگا۔ لیکن قانون کے اندر رہتے ہوئے، اگر گولی کسی ریپسٹ کو لگتی ہے، تو ہمیں اس بارے میں واضح رہنا چاہیے کہ ہمیں ریپسٹ کے ساتھ ہمدردی کرنی چاہیے یا متاثرہ کے ساتھ۔‘‘