یوگی کی ہدایت کے کے 10 دن بعد، متھرا کے 22 وارڈز گوشت اور شراب پر پابندی لگانے کے لیے ’’مقدس‘‘ علاقے قرار دیے گئے

اترپردیش، ستمبر 11: یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے جمعہ کو ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے متھرا-ورنداون میونسپل کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں 22 وارڈوں کو ’’پوِتر تیرتھ استھل‘‘ (مقدس زیارت گاہ) قرار دیا ہے۔ اب ان علاقوں میں شراب اور گوشت کی خرید و فروخت پر پابندی ہوگی۔

یہ اقدام اس کے 10 دن بعد سامنے آیا ہے جب آدتیہ ناتھ نے متھرا ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ وہ مندر کے قصبے میں سات ہندو یاتری مقامات کے آس پاس گوشت اور شراب پر پابندی لگانے پر کام کریں۔ یوگی نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ یہ مقامی لوگوں کی خواہش ہے۔

انھوں نے یہ ریمارکس 30 اگست کو متھرا-ورنداون میں جنم اشٹمی کی تقریبات کے دوران دیے۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ان زیارت گاہوں کے قریب شراب اور گوشت کے کاروبار میں ملوث افراد کو دوسرے کاموں میں بحال کیا جائے گا۔

ایڈیشنل چیف سکریٹری (ہوم) اونیش کمار اوستھی نے، جو اے سی ایس (مذہبی امور) بھی ہیں، انڈین ایکسپریس کو بتایا ’’متھرا-ورنداون علاقے میں تقریباً 10 مربع کلومیٹر کے علاقے کو زیارت گاہ قرار دیا گیا ہے۔ اس علاقے کا اب ایکسائز کے ساتھ ساتھ فوڈ اینڈ سول سپلائیز ڈیپارٹمنٹس کے ذریعے جائزہ لیا جائے گا اور اس کے مطابق اس خطے کے لائسنس منسوخ کردیے جائیں گے۔‘‘

اس یاترا زون کے 22 وارڈز میں گھٹی بہلرائی، گووند نگر، منڈی رامداس، چوبیا پاڑا، دواریکاپوری، نونیت نگر، بنکھنڈی، بھرت پور گیٹ، ارجن پورہ، ہنومان ٹیلہ، جگن ناتھ پوری، گئو گھاٹ، منوہر پورہ، بیراج پورہ، رادھا نگر، بدری نگر، مہا ودیا کالونی، کرشنا نگر فرسٹ اینڈ سیکنڈ، کویالا گلی، ڈمپیار نگر اور جے سنگ پورہ شامل ہیں۔

اتر پردیش کے مذہبی امور کے محکمے نے اپنے نوٹیفکیشن میں کہا کہ متھرا-ورنداون بھگوان کرشنا کی جائے پیدائش تھی اور اسی وجہ سے اسے ایک مقدس مقام سمجھا جاتا ہے، جس میں ہندوستان اور بیرون ملک سے لاکھوں زائرین آتے ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ متھرا-ورنداون تاریخی اعتبار سے اہم اور سیاحت کے نقطۂ نظر سے بھی اہم ہے۔