یوگی مخالف احتجاج کے مطالبے کے سبب معروف شاعر منور رانا کی بیٹیوں کو نظر بند کیا گیا
لکھنؤ، 8 ستمبر: اترپردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کا مطالبہ کرنے کے سبب معروف شاعر منور رانا کی دو بیٹیوں کو نظربند کردیا گیا ہے۔
رانا کی بیٹیوں سمیّہ رانا اور عظمیٰ پروین نے لوگوں سے وزیر اعلی کی رہائش گاہ کے قریب جمع ہونے اور ’’تھالی‘‘ بجانے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ وہ اپنی آواز حکومت تک پہنچا سکیں۔
قیصرباغ علاقے میں سلور ہائٹس اپارٹمنٹس کے باہر پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد دیکھی گئی، جہاں وہ رہتی ہیں۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ چوں کہ ریاست کے دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے، لہذا لوگوں کے کسی اجتماع کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اس سے قبل دونوں بہنوں نے گذشتہ سال دسمبر میں ریاست کے دارالحکومت میں ہونے والے سی اے اے مخالف مظاہروں میں بھی کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ اور ان کے خلاف عوامی رکاوٹ، سوشل میڈیا پر قابل اعتراض تبصرے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور امن کو خراب کرنے کے الزامات کے تحت کئی مقدمے درج کیے گئے تھے۔