حزب اختلاف نے سیاہ لباس پہن کر راہل گاندھی کو بطور رکن پارلیمنٹ نااہل قرار دیے جانے کے خلاف احتجاج کیا، اڈانی گروپ کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا

نئی دہلی، مارچ 27: اپوزیشن جماعتوں نے پیر کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو ہتک عزت کے ایک مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد لوک سبھا کے رکن کے طور پر نااہل قرار دیے جانے کے خلاف ایک اور احتجاج کیا۔

راہل گاندھی کو، جو وایاناڈ سے رکن پارلیمنٹ تھے، گجرات کی عدالت کے ذریعے وزیر اعظم مودی کے بارے تبصرے کے لیے ہتک عزت کے مقدمے میں دو سال قید کی سزا سنانے کے بعد پارلیمنٹ کی رکنیت کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔

عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے تحت، دو سال یا اس سے زیادہ جیل کی سزا پانے والے قانون ساز کو سزا کی تاریخ سے چھ سال کی مدت پوری ہونے تک نااہل قرار دیا جاتا ہے۔

اگر سپریم کورٹ راہل گاندھی کی سزا پر روک لگا دے تو ان کی رکنیت بحال ہو سکتی ہے۔

حزب اختلاف کے رہنماؤں نے الزام لگایا ہے کہ راہل گاندھی کے خلاف کارروائی سیاسی طور پر حوصلہ افزا ہے۔

پیر کے روز تمام اپوزیشن جماعتوں کے ارکان، جن میں سے اکثر سیاہ لباس میں ملبوس تھے، احتجاج میں شامل ہوئے۔ متحدہ اپوزیشن کی نمائندگی کرنے کے لیے ترنمول کانگریس، سماج وادی پارٹی، بھارت راشٹرا سمیتی اور عام آدمی پارٹی جیسی پارٹیوں کے ارکان بھی اس احتجاج میں شامل تھے۔

احتجاج سے پہلے تمام جماعتوں کے نمائندوں نے اپوزیشن لیڈر اور کانگریس ایم پی ملکارجن کھڑگے کے چیمبر میں ایک میٹنگ میں شرکت کی۔ انھوں نے اڈانی گروپ کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا، جس پر اسٹاک میں ہیرا پھیری کا الزام ہے۔

پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق مظاہرین، بشمول کانگریس ایم پی سونیا گاندھی اور پارٹی کے سربراہ ملکارجن کھڑگے، پارلیمنٹ احاطے میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے قریب جمع ہوئے اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

کھڑگے نے نامہ نگاروں سے کہا ’’گذشتہ چند سالوں میں اڈانی کی دولت میں اتنا اضافہ کیسے ہوا ہے؟ جب آپ غیر ممالک جاتے ہیں تو آپ صنعت کار [گوتم اڈانی] کو کتنی بار اپنے ساتھ لے گئے ہیں؟ وزیر اعظم، اڈانی کے خلاف اٹھائے گئے سوالات کا جواب نہیں دے پائے ہیں۔‘‘

کھڑگے نے کہا کہ حکومت اڈانی گروپ کے خلاف الزامات کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے تحقیقات شروع نہیں کر رہی ہے کیوں کہ وہ اپنے بے نقاب ہونے سے خوف زدہ ہے۔

راہل گاندھی کی بطور رکن پارلیمنٹ نااہلی پر کھڑگے نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد کانگریس لیڈر کو بدنام کرنا ہے۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’’یہی وجہ ہے کہ آپ نے کیس کو گجرات منتقل کردیا حالاں کہ کرناٹک کے کولار میں تبصرے کیے گئے تھے۔ آج جمہوریت کے لیے سیاہ دن ہے۔‘‘

کانگریس سربراہ نے مزید کہا کہ حزب اختلاف کے ارکان پارلیمنٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف احتجاج کے طور پر سیاہ لباس پہنا ہوا ہے۔

لوک سبھا میں اپوزیشن جماعتوں نے ایوان کے ویل میں گھس کر بھی نعرے بازی کی جس کے نتیجے میں ایوان کی کارروائی 4 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔

دریں اثنا بہار اور تمل ناڈو سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بھی احتجاج ہو رہا ہے۔