انلاک 4.0: مرکز نے 21 ستمبر سے اسکولوں کو نویں سے بارہویں کلاس کے لیے جزوی طور پر دوبارہ کھولنے کی اجازت دیا

نئی دہلی، ستمبر 8: مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ اسکول 21 ستمبر سے کلاس 9 سے 12 کے لیے رضاکارانہ بنیادوں پر جزوی طور پر دوبارہ کھولے جا سکتے ہیں۔ تاہم وزارت صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے جاری کردہ پروٹوکول کا بیان کے مطابق آن لائن اور فاصلاتی تعلیم کی اجازت جاری رہے گی۔

ایس او پی میں کہا گیا ہے ’’نویں سے بارہویں جماعت کے طلبا کو اپنے اساتذہ سے رہنمائی لینے کے لیے رضاکارانہ بنیاد پر اپنے اسکول جانے کی اجازت ہوگی۔ یہ ان کے والدین/سرپرستوں کی تحریری رضامندی کے تابع ہوگا۔ اس طرح کے دوروں اور اساتذہ-طلبہ کے باہمی تعامل کو بہتر اور محتاط انداز میں منظم کرنا چاہیے۔‘‘

بیان کے مطابق اساتذہ، اسکول کے ملازمین اور طلبا کو ایک دوسرے سے کم سے کم چھ فٹ کی دوری برقرار رکھنی ہوگی، ماسک ضرور استعمال کیے جائیں اور گندا نہ ہونے کے باوجود بھی ہاتھوں کو صابن سے بار بار دھویا جانا چاہیے۔

ہر ایک کو اپنی صحت کی نگرانی کرنی چاہیے اور کسی بیماری کی فوری اطلاع دینی چاہیے۔

مرکز نے کہا کہ تدریسی اور غیر تدریسی عملہ اسکول میں 50 فیصد طاقت سے کام کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ تعلیمی ادارے مارچ سے ہی بند ہیں، جب مرکز نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیا۔