یوپی: پجاری نے زمین پر قبضہ کرنے کے لیے خود پر حملے کا ڈھونگ رچایا، سازش میں ملوث سات افراد گرفتار

گونڈا (اتر پردیش)، 18 اکتوبر: یوپی پولیس نے بتایا کہ گونڈا پولیس نے سات افراد کو اس انکشاف کے بعد کے گرفتار کیا ہے کہ ایک پجاری سمرت داس نے 10 اکتوبر کو خود پر حملے کا ڈھونگ رچایا تا کہ وہ ایک شخص امر سنگھ کو نشانہ بنا سکے اور اس کی 120 بیگھا زمین پر قبضہ کر سکے۔

اس حملے کے بعد حزب اختلاف نے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

گونڈا پولیس نے اتھیاتھوک پولیس اسٹیشن کے تحت آنے والے تری منورما گاؤں کے ہری دوار سنگھ باغ سے ہفتہ کے روز منّا سنگھ، وِپِن، نیرج سنگھ، سونو سنگھ، مہنت سیتارام، شیو شنکر سنگھ اور ونے کمار کو گرفتار کیا۔

گونڈا کے ایس پی شیلیش پانڈے نے کہا کہ سمرت داس کندھے پر گولیوں کے زخم کے علاج کے بعد اسپتال سے فارغ ہوتے ہی گرفتار کر لیے جائیں گے۔

پولیس نے سونو سنگھ، مہنت سیتارام اور منّا سنگھ کے پاس سے دیسی ساختہ پستول بھی قبضے میں لیا ہے۔

منّا نے مبینہ طور پر پجاری پر گولی چلائی تھی، جس کے بعد مؤخر الذکر نے دعوی کیا تھا کہ امر سنگھ نے مکیش سنگھ، بھیہارن سنگھ اور درگا سنگھ کے ساتھ مل کر 10 اکتوبر کی رات کو مندر میں سوتے وقت اس پر حملہ کیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ اراضی کو لے کر ان کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد پجاری نے امر سنگھ کو پھنسانے کی کوشش کی اور یہ ڈھونگ رچا۔