یوم جمہوریہ کے موقع پر کانگریس نے وزیر اعظم کو آئین ہند کی ایک کاپی بھیجی

نئی دہلی، جنوری 26— ہندوستان کی حزب اختلاف کی مرکزی جماعت کانگریس نے یوم جمہوریہ کے موقع پر ملک کے آئین کی ایک کاپی ملک کے وزیر اعظم کو بھجوائی ہے اور "ملک کو تقسیم کرنے سے” وقت ملنے پر اسے پڑھنے کی تاکید کی ہے۔

کانگریس نے بکنگ کی تفصیلات کے ساتھ ٹویٹ کیا ’’محترم وزیر اعظم! آئین جلد آپ تک پہنچ رہا ہے۔ جب آپ کو ملک تقسیم کرنے سے وقت مل جائے تو براہ کرم اسے پڑھیں۔‘‘

پارٹی نے آئین کی کاپی آن لائن اسٹور ایمیزون پر بک کی ہے۔ تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ کاپی 26 جنوری یعنی یوم جمہوریہ کے دن وزیر اعظم کے دفتر پہنچا دی جائے گی۔

واضح رہے کہ آج اتوار کو پوری قوم نے 71 واں یوم جمہوریہ منایا۔ سات دہائی قبل اسی دن 26 جنوری 1950 سے آئین ہند نافذ العمل ہوا تھا۔

کانگریس وزیر اعظم مودی اور ان کی پارٹی بی جے پی پر ان کی متعدد پالیسیوں اور فکر پر کڑی تنقید کرتی رہی ہے اور ان کو ہندوستان کی سب سے پرانی پارٹی نے ”تفرقہ باز” قرار دیا ہے۔

مودی سرکار کا حالیہ قدم جس نے کانگریس، دوسری پارٹیوں اور لاکھوں لوگوں کو پچھلے ڈیڑھ مہینے میں متوجہ کیا ہے وہ شہریت ترمیمی قانون ہے۔ یہ قانون صرف ہندوؤں، سکھوں، بودھوں، پارسیوں، جینوں اور عیسائیوں کو ہندوستانی شہریت دینے کی کوشش کرتا ہے۔

11 دسمبر کو پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے اس قانون کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے ہورہے ہیں، جن میں لاکھوں افراد خواتین سمیت ملک بھر میں سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔