یوم جمہوریہ پریڈ کے لیے مغربی بنگال کی جھانکی کو شامل نہیں کرنا ریاست کی توہین: ٹی ایم سی

نئی دہلی: یوم جمہوریہ کی پریڈ کے لئے مغربی بنگال حکومت کے ذریعے مجوزہ جھانکی کو وزارت دفاع کے ذریعے خارج کیے جانے کے بعد ریاست کی حکمراں پارٹی ترنمول کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ اس نے شہریت ترمیم قانون کی مخالفت کرنے کی وجہ سے ریاست کے لوگوں کی توہین کی ہے۔

مرکزی حکومت کو بھیجی گئی اپنی تجویز میں مغربی بنگال حکومت نے کنیاشری، سبوج شری اور جل دھرو، جل بھرو کی تھیم کے ساتھ جھانکی سجانے کی اپنی اسکیم رکھی تھی۔

وزارت نے کہا ’’مغربی بنگال حکومت کی جھانکی تجویز کو دو دور کے اجلاس میں بحث کے بعد ایکسپرٹ کمیٹی کے ذریعے آگے نہیں لے جانے پر غور کیا گیا ہے۔

راجدھانی دہلی میں 26 جنوری کو ہونے والی اس بار کی یوم جمہوریہ پریڈ کے لیے آئی جھانکیوں کی 56 تجاویز میں سے 22 منتخب کی  گئی ہیں جن میں ریاستوں اور یونین ٹریٹری کی 16 اور مرکزی وزارتوں کی چھ تجویزیں ہیں۔

وزارت دفاع نے بدھ کو کہا ’’وزارت کو ریاستوں اور یونین ٹریٹری ریاستوں سے جھانکیوں کی 32 اور مرکزی وزارتوں اور محکمہ جات سے 24 تجویز ملی تھیں۔ پانچ میٹنگ  کے بعد ان میں سے ریاستوں / یونین ٹریٹری کے 16 اور وزارتوں / محکمہ جات کی چھ تجویزیں یوم جمہوریہ پریڈ 2020 کے لیے منتخب کی گئی ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ ہرسال وزارت دفاع سبھی ریاستوں، یونین ٹریٹری، مرکزی وزارتوں اور محکمہ جات سے یوم جمہوریہ کی پریڈ میں حصہ لینے کے لیے تجاویز پیش کرنے کی دعوت دیتی ہے۔

ان تجاویز کا تجزیہ ایکسپرٹ کمیٹی کے ذریعے کیا جاتا ہے جس میں آرٹ، ثقافت، مصوری، مجسمہ سازی، موسیقی، فن تعمیر، رقص وغیرہ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے نامور افراد شامل ہوتے ہیں۔ وقت کی کمی کی وجہ سے پریڈ میں شرکت کے لیے صرف ایک محدود تعداد کی جھانکیوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

اس سے پہلے سال 2018 میں یوم جمہوریہ پریڈ سے مغربی بنگال کی جھانکی کو مرکز کے ذریعے مبینہ طور پر ہٹائے جانے پر رد عمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ یہ ریاست کی توہین ہے۔ ممتا نے کہا تھا کہ اس سال ہماری مجوزہ تھیم ‘ ایکتائی سمپرتی ‘ (یکجہتی ہی بھائی چارہ) تھی۔ شاید اسی لیے ہمیں باہر کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس بار کی یوم جمہوریہ پریڈ سے ہمیں باہر رکھا گیا۔ میں وجہ جاننا چاہتی ہوں۔ مجھے یہ کہتے ہوئے افسوس ہے کہ یہ بنگال کی توہین ہے۔ یوم جمہوریہ پریڈ میں ہمارا مظاہرہ کافی اچھا رہا ہے اس لیے ہمیں اس پر اپنی بات رکھنے کا حق ہے۔ سال 2013 سے 2016 کے درمیان ہم نے دو بار پہلا انعام جیتا۔

(ایجنسیاں)