ہندوستان 16 جنوری سے کورونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن کا آغاز کرے گا، وزارت صحت نے کیا اعلان
نئی دہلی، جنوری 9: مرکزی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ہندوستان میں کورونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن کا بڑے پیمانے پر 16 جنوری کو آغاز ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ ویکسینیشن میں فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو ترجیح دی جائے گی، جس کا تخمینہ تقریباً تین کروڑ افراد پر مشتمل ہے۔ اس کے بعد 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد اور 50 سال سے کم عمر کے ایسے لوگوں کو ترجیح دی جائے گی جنھیں دیگر بیماریاں بھی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق 27 کروڑ لوگ دوسرے زمرے میں آتے ہیں۔
یہ اعلان وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلی سطحی اجلاس کے بعد سامنے آیا ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ کوویڈ 19 کے خلاف پہلی بار سیکڑوں لاکھوں بالغوں سمیت ایک ارب افراد کو ویکسین دینا پہلی قسط میں ایک پریشانی کا کام ہوگا۔
کورنا وائرس کی صورت حال اور ویکسینیشن کے بارے میں تبادلہ خیال کے لیے مودی 11 جنوری کو تمام ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ ایک میٹنگ کریں گے۔ آج ایک خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان ’’دو میڈ ان انڈیا‘‘ کورونا وائرس ویکسین کے ساتھ انسانیت کو بچانے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے ڈرگس کنٹرولر جنرل نے 3 جنوری کو دو کورونا وائرس ویکسینوں کو منظوری دی تھی، جن میں آسٹرا زینیکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ ویکسین اور بھارت بایوٹیک کی ویکسین شامل ہے۔
ہندوستان میں اب تک 1،04،31،639 کورونا وائرس کیسز ریکارڈ ہوئے ہی۔ ملک میں اس انفیکشن سے 1،50،798 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔