ہندوستان اور روس ’’Sputnik V‘‘ ویکسین تیار کرنے کے لیے ’’باہمی تعاون‘‘ پر بات چیت کر رہے ہیں: مرکزی وزارت صحت
نئی دہلی، اگست 26: مرکزی وزارت صحت کے سکریٹری راجیش بھوشن نے کہا ہے کہ ہندوستان اور روس اس ماہ کے اوائل میں ماسکو کے ذریعے تیار کردہ کورونا وائرس ویکسین ’’سپوتنک V‘‘ تیار کرنے کے لیے باہمی تعاون کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔ بھوشن قومی کوویڈ 19 ویکسین ایڈمنسٹریشن ٹاسک فورس کے شریک چیئرمین بھی ہیں۔
اے این آئی کے مطابق بھوشن نے کہا ’’جہاں تک سپوتنک V ویکسین کا تعلق ہے، تو اس کے لیے ہندوستان اور روس دونوں ہی رابطے میں ہیں۔ کچھ ابتدائی معلومات شیئر کی گئیں ہیں جب کہ ہم ابھی کچھ تفصیلی معلومات کے منتظر ہیں۔‘‘
نامعلوم سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ روسی سفیر نکولے کڈشیف نے ویکسین بنانے کی شراکت کے لیے پرنسپل سائنسی مشیر کے وجے راگھون سے رابطہ کیا تھا۔
دریں اثنا ماسکو میں ہندوستان کا سفارت خانہ جمیلیا نیشنل سنٹر آف ایپیڈیمیولوجی اینڈ مائکرو بایولوجی سے بات چیت کر رہا ہے تاکہ ٹرائلز کی حفاظت اور افادیت کا ڈیٹا حاصل کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ مذکورہ ویکسین کو جمیلیا نیشنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف ایپیڈیمیولوجی اینڈ مائکروبایولوجی نے تیار کیا ہے۔ روس پہلا ملک ہے جس نے دعوی کیا ہے کہ اس نے کورونا وائرس ویکسین تیار کر لی ہے۔
تاہم مختلف سائنس دانوں نے تیسرے مرحلے کے ٹرائلز سے قبل ویکسین کے اندراج پر سوالات اٹھائے ہیں۔ اس مرحلے کو مکمل ہونے میں کئی ماہ لگتے ہیں اور اس میں ہزاروں افراد کی شرکت کی ضرورت ہے۔
دریں اثنا گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 67،000 سے زیادہ نئے معاملات درج ہونے کے بعد اب ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد بڑھ کر 32.67 لاکھ ہوگئی۔ وہیں ملک میں اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 59،449 تک جا پہنچی ہے۔