ہندوستانی میڈیا کو بھی عالمی بنانے کی ضرورت ہے: وزیر اعظم مودی
نئی دہلی، 8 ستمبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ملک کی میڈیا انڈسٹری کو بھی عالمی سطح پر جانے کی ضرورت ہے۔
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جے پور میں ’’پتریکا گیٹ‘‘ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ’’ہندوستان کی مقامی مصنوعات عالمی سطح پر جارہی ہیں۔ ہندوستان کی آواز بھی زیادہ عالمی ہوتی جارہی ہے۔ دنیا اور زیادہ سنجیدگی سے ہندوستان کو سن رہی ہے۔ ہر بین الاقوامی پلیٹ فارم پر ہندوستان کی مضبوط موجودگی ہے۔ ایسے میں ہندوستانی میڈیا کو بھی عالمی سطح پر جانے کی ضرورت ہے۔‘‘
نریندر مودی نے پتریکا گیٹ کو راجستھان کی ثقافت کا عکس بتایا۔ یہ مشہور گیٹ جے پور میں جواہر لال نہرو مارگ پر پتریکا گروپ آف نیوز پیپرس نے تعمیر کیا ہے۔
اس تقریب میں راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت اور گورنر کلراج مشرا بھی موجود تھے۔
زبان و ادب کی اہمیت کی طرف بھی اشارہ کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا ’’جدوجہد آزادی کے دوران تقریباً ہر بڑا نام لکھنے کے عمل سے (ادب سے) وابستہ تھا۔ ہمارے عظیم صوفی سنت اور عظیم سائنس دان بھی ادیب تھے۔ کسی بھی معاشرے میں معاشرے کا روشن خیال طبقہ مصنفین ہی ہیں۔۔۔۔۔۔۔ معاشرے کی ترویج میں کتابیں اور مصنفین اہم کردار ادا کرتے ہیں۔‘‘