مرکزی حکومت نے آروگیہ سیتو ایپ کی تشہیر کے لیے محض ساڑھے تین ماہ میں 4.15 کروڑ روپیے خرچ کیے

نئی دہلی، ستمبر 8: دی وائر کی خبر کے مطابق کورونا سے لڑنے کے لیے مودی سرکار کی جانب سے لانچ کیے گئے آروگیہ سیتو ایپ کی تشہیر کے لیے محض ساڑھے تین مہینے کی مدت میں مرکزی حکومت نے تقریباً 4.15 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔

آر ٹی آئی قانون کے تحت حاصل ہوئے دستاویز سے یہ جانکاری سامنے آئی ہے۔ واضح رہے کہ آروگیہ سیتو ایپ پر ابتدا سے ہی شہریوں کی نجی جانکاری کے تحفظ کو لے کر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔

دی وائر کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کے بیورو آف آؤٹ ریچ اینڈ کمیونی کیشن (بی او سی) کی جانب سے فراہم کیے گئے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 16 جولائی 2020 تک اس ایپلی کیشن کی تشہیر کے لیے سرکار نے 4.15 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔

94.67 لاکھ روپے پرنٹ میڈیا میں اشتہار دینے میں خرچ کیے گئے ہیں، جب کہ 3.20 کروڑ روپے ٹیلی ویژن اشتہار میں خرچ کیے گئے ہیں۔

آر ٹی آئی دائر کرنے والے اتر پردیش کے انکت گورو کو بی اوسی نے بتایا کہ آروگیہ سیتو ایپ کی تشہیر کے لیے ریڈیو اور انٹرنیٹ پر کوئی رقم خرچ نہیں کی گئی ہے۔