ہندوستانی ثقافت کے آغاز و ارتقا کا مطالعہ کرنے والے حکومتی پینل میں دلتو، اقلیتوں اور خواتین کو شامل نہ کرنے پر کھڑے ہوئے سوال، ایم پی کنیموزی نے پوچھا ’’کیا وہ نااہل ہیں؟‘‘

نئی دہلی، ستمبر 16: ڈی ایم کے کی رکن پارلیمنٹ کنیموزی نے منگل کے روز مرکز سے پوچھا کہ اس نے ہندوستانی ثقافت کی ابتدا اور ارتقا کا مطالعہ کرنے کے لیے حکومت کے ذریعے تشکیل کردہ ماہرین کے ایک پینل میں اقلیتی برادریوں اور دلتوں کے کسی فرد کو کیوں شامل نہیں کیا؟

کنیموزی نے کہا ’’کیا اقلیتوں اور دلتوں کو ہندوستانی ثقافت کے بارے میں بات نہیں کرنی چاہیے؟ یا وہ نااہل ہیں؟‘‘

پینل میں کوئی خاتون ممبر بھی شامل نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق پیر کو مرکزی وزیر پرہلاد پٹیل نے پارلیمنٹ کو ایک تحریری جواب میں بتایا تھا کہ ایک 16 رکنی کمیٹی ہندوستانی ثقافت کی ابتدا اور ارتقا پر غور کررہی ہے۔

پرہلاد نے کہا کہ یہ پینل ہماری تہذیب و ثقافت کے ’’دنیا کی ثقافتوں پر اثرات‘‘ کے بارے میں تحقیقات کرے گا۔

پینل کے ممبروں میں آثار قدیمہ کے ماہرین کے این دکشت، بی آر منی، آر ایس بشٹ اور ریٹائرڈ جج مکندکم شرما شامل ہیں۔ پینل میں کوئی خاتون بھی شامل نہیں ہے۔

اس کے علاوہ پینل میں شامل چھ دیگر ممبران پروفیسر یا ماہرین تعلیم ہیں جو سنسکرت زبان کے مطالعہ میں مہارت رکھتے ہیں اور وہ زیادہ تر راشٹریہ سنسکرت سنستھان اور لال بہادر شاستری سنسکرت یونی ورسٹی سے ہیں۔

اس پینل میں مکھن لال بھی شامل ہے، جو ایک متنازعہ مورخ ہے جو سن 2000 کی دہائی کے اوائل میں تاریخ کی درسی کتب کو بھگوا کرنے کی کوششوں میں سب سے آگے تھا اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ سے وابستہ تھنک ٹینک سے منسلک تھا۔

متعدد دیگر شہریوں نے بھی پینل میں جنوبی ہند، شمال مشرقی ہند کے نمائندوں، خواتین محققین اور دیگر اقلیتی برادریوں کے ماہرین کو شامل نہ کرنے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

شہرت یافتہ گلوکار ٹی ایم کرشنا نے کہا کہ کمیٹی مرکز کے ’’تعصب، ذات پات، نسل پرستی‘‘ کا ثبوت ہے۔