ہماری پالیسیوں کی بنیاد انسانیت نوازی پر ہی ہونی چاہیے: مودی
نئی دہلی، 21 دسمبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ہند-جاپان سمواد کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کی نمو کا انسانیت مرکوز نقطۂ نظر پر مبنی ہونا ضروری ہے۔ مودی نے کہا کہ عالمی ترقی پر بات چیت صرف چند لوگوں میں نہیں ہوسکتی ہے، اس کا دائرہ بڑا اور مقصد وسیع تر ہونا چاہیے۔
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ چھٹے ہند-جاپان سمواد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ماضی میں انسانیت، باہمی تعاون کے بجائے محاذ آرائی کا راستہ اختیار کرتی رہی ہے۔
مودی نے کہا ’’سامراج سے لے کر عالمی جنگوں تک، اسلحہ کی دوڑ سے لے کر خلائی دوڑ تک، ہمارے درمیان کئی مکالمے ہوئے، لیکن ان سب کا مقصد محض دوسروں کو پست کرنا تھا۔ اب ہمیں ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔‘‘
مودی نے کہا ’’عالمی ترقی کو انسانیت مرکوز نظریے پر مبنی طریقۂ کار پر گامزن کرنا چاہیے اور اپنے گرد و نواح سے ہم آہنگ رہنا چاہیے۔‘‘
مودی نے انسانیت پرستی کو ہی پالیسیوں کی بنیاد بنانے کے لیے بھی کہا۔
واضح رہے کہ یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب حکومت نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے سخت احتجاج کا سامنا کر رہی ہے اور اپنی متعدد پالیسیوں کو لے کر تنازعات میں گھری ہوئی ہے اور انسانیت مخالف خیال کی جارہی ہے۔
کانفرنس میں اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے روایتی بودھی ادب اور مذہبی کتابوں کے لیے ایک لائبریری کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔
انھوں نے کہا ’’ہم ہندوستان میں ایسی سہولت پیدا کرنے پر خوش ہوں گے اور اس کے لیے مناسب وسائل مہیا کریں گے۔‘‘