گوڈسے کی پوجا کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج

گوالیار: مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو پھانسی دیے جانے کے دن کو ’بلیدان دیوس‘ (یوم قربانی) کے طور پر منانے والوں کے خلاف مدھیہ پردیش پولس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولس اہم ملزم نریش باتھم اور اس کے ساتھیوں کی تلاش کر رہی ہے۔

کانگریس کے ریاستی سکریٹری رویندر سنگھ چوہان نے گوالیار کوتوالی میں شکایت درج کروائی تھی کہ ہندو مہاسبھا کے دفتر میں ناتھورام گوڈسے کا بلیدان دیوس منایا گیا اور ایسے پرچے بھی تقسیم کیے گئے تھے جن میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے لیے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا تھا۔ پولس نے اس معاملے میں نریش باتھم اور دیگر کے خلاف جذبات بھڑکانے کا مقدمہ درج کیا ہے۔

اتوار کے روز گوالیار زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولس (اے ڈی جی) راج بابو سنگھ نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کو بتایا ’’ہندو مہاسبھا کے لوگوں نے کچھ پرچے تقسیم کیے ہیں جن کی زبان قابل اعتراض ہے۔ اس شکایت کی بنیاد پر ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کی تفتیش کی جارہی ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا ’’اس طرح کے واقعات سے سماج میں فضا خراب ہوتی ہے، لہذا پولس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کارروائی شروع کر دی ہے۔ گوڈسے کی پوجا کے وقت کی تصاویر اور ویڈیوز دستیاب ہیں، اسی کی بنیاد پر ملزمان کے خلاف کارروائی کریں گے۔‘‘

واضح رہے کہ ہندو مہاسبھا کے کارکنوں نے جمعہ کے روز گوالیار میں اپنے دولت گنج میں واقع دفتر پر ناتھورام گوڈسے کا 70 واں بلیدان دیوس منایا تھا اور اس موقع پر اس کی پوجا کی تھی نیز کچھ پرچے بھی تقسیم کیے تھے۔

(ایجنسیاں)