’’کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ مندر بنانے سے کورونا وائرس ختم ہوجائے گا‘‘: شرد پوار نے مودی پر سادھا نشانہ
ممبئی، جولائی 20: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے اتوار کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کچھ لوگوں کے خیال میں مندر کی تعمیر سے کورونا وائرس وبائی بیماری سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
ان کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ایک دن قبل ہی اتر پردیش کے ایودھیا شہر میں رام مندر کی تعمیر کی نگرانی کے لیے قائم ٹرسٹ نے مودی کو سنگ بنیاد رکھنے کے لیے ایک دعوت نامہ بھیجا اور اس تقریب کے لیے 3 یا 5 اگست کی دو تاریخیں تجویز کیں۔
پوار نے سولا پور میں اس موضوع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’’کورونا وائرس کا خاتمہ مہاراشٹر حکومت کی ترجیح ہے، لیکن کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ مندر تعمیر ہونے کے بعد کورونا وائرس ختم ہوجائے گا۔ اسی لیے انھوں نے ایسے پروگرام کا اہتمام کیا ہوگا۔ میں صرف آپ لوگوں سے ہی اس کے بارے میں جانتا ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ این سی پی کی اتحاد کی شراکت دار شیوسینا رام مندر کی تعمیر کے لیے حمایت کرتی رہی ہے۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ اروند ساونت نے کہا کہ اس معاملے میں سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔
انھوں نے کہا ’’بھگوان رام ایمان کا معاملہ ہیں، اسے سیاسی رنگ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘
وہیں ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر سدھیر منگنتیور نے شرد پوار کے جواب میں کہا کہ مندر کی تعمیر عقیدے کی بات ہے۔ سدھیر نے کہا ’’ہر کوئی جانتا ہے کہ کوویڈ 19 رام مندر کی تعمیر سے ختم نہیں ہوگا… اس سستی سیاست کی کوئی ضرورت نہیں، مندر لاکھوں ہندوؤں کے عقیدے کا مسئلہ ہے۔‘‘
دریں اثنا این ڈی ٹی وی کے مطابق پوار نے مرکز اور ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن کی زد میں آئی معیشت پر اضافی توجہ مرکوز کریں۔
انھوں نے مزید کہا ’’دہلی میں اس بات پر تبادلۂ خیال ہونا چاہیے کہ لوگوں کو معاشی بحران سے نکلنے میں کس طرح مدد مل سکتی ہے۔‘‘