کورونا وائرس: عالمی بینک نے ہندوستان کے لیے ایک بلین ڈالر کے مالی تعاون کا اعلان کیا
نئی دہلی، مئی 15: عالمی بینک نے آج کورونا وائرس سے متاثرہ غریب اور انتہائی کمزور گھرانوں کو معاشرتی مدد فراہم کرنے کی ہندوستان کی کوششوں کی حمایت کرنے کے لیے 1 بلین ڈالر (تقریبا 6،925 کروڑ روپیے) کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
بینک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس معاون پیکیج کے ذریعے دو مراحل میں مالی اعانت فراہم کی جائے گی۔ بینک نے کہا ’’مالی سال 2020 کے لیے فوری طور پر 750 ملین ڈالر مختص کیا جائے گا اور مالی سال 2021 کے لیے 250 ملین ڈالر کی دوسری قسط فراہم کی جائے گی۔‘‘
واضح رہے کہ دنیا بھر کی حکومتوں نے لاک ڈاؤن کے ذریعے لوگوں کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کے لیے غیرمعمولی اقدامات کیے ہیں، جس کا مقصد وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنا ہے۔ اس کا معیشتوں اور ملازمتوں خاص طور پر غیر رسمی شعبے میں شدید اثر پڑا ہے۔ ہندوستان میں ورلڈ بینک کے ملکی سطح کے ڈائریکٹر جنید احمد نے کہا ’’دنیا کا سب سے بڑا لاک ڈاؤن نافذ کرنے والا ہندوستان بھی اس رجحان سے مستثنیٰ نہیں رہا ہے۔ اس تناظر میں نقد رقم کی منتقلی اور کھانے پینے کے فوائد سے غریب اور کمزور لوگوں کو معیشت کی بحالی شروع ہونے تک ایک حفاظت ملے گی۔‘‘
اس آپریشن کا پہلا مرحلہ پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے ذریعے ملک بھر میں نافذ کیا جائے گا۔ عالمی بینک نے مزید کہا ’’اس سے پہلے سے موجود قومی پلیٹ فارم اور عوامی تقسیم کا نظام اور براہ راست مراعات کی منتقلی جیسے پروگراموں کے بنیادی سیٹ کا استعمال کرتے ہوئے نقد رقم کی منتقلی اور فوڈ فوائد کو فوری طور پر مدد ملے گی۔‘‘
اس کا کہنا ہے کہ اس سے کمزور گروہوں، خاص طور پر تارکین وطن اور غیر رسمی شعبوں کے مزدوروں کو فائدہ ہوگا۔ یہ کوویڈ 19 میں امدادی کاموں میں ملوث ضروری کارکنوں کے لیے "مضبوط معاشرتی تحفظ” بھی فراہم کرے گا۔