کسان احتجاج: یوم جمہوریہ کے موقع پر دہلی میں کسان، ٹریکٹر ریلی کے ذریعے ’’کسان پریڈ‘‘ کریں گے

نئی دہلی، 2 جنوری: آج کسان یونیوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ یوم جمہوریہ کے موقع پر ہندوستانی پرچم کے ساتھ ٹریکٹر پریڈ کریں گے۔

دی ٹربیون کی خبر کے مطابق اس ریلی کو ’’کسان پریڈ‘‘ کہا جائے گا۔

کسان یونینوں نے کہا ’’ہم پرامن تھے، پرامن ہیں اور پرامن ہی رہیں گے، لیکن جب تک نئے زرعی قوانین کو منسوخ نہیں کیا جاتا ہے، تب تک ہم دہلی کی سرحدوں پر ہی ڈٹے رہیں گے۔‘‘

کسان رہنما درشن پال نے کہا ’’26 جنوری کو قومی پرچم والی ٹریکٹر ریلی کو ’’کسان پریڈ‘‘ کہا جائے گا۔‘‘

واضح رہے کہ ہزروں کسان پچھلے ایک ماہ سے بھی زیادہ عرصے سے دہلی کی مختلف سرحدوں پر نئے زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، جن کے تعلق سے انھیں خدشہ ہے کہ وہ ایم ایس پی کو ختم کرکے انھیں کارپوریٹ اداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیں گے۔

حکومت کے اور کسانوں کے درمیان اس تعطل کو ختم کرنے کے لیے کئی دور کے مذاکرات ہوچکے ہیں لیکن اب تک کوئی تسلی بخش حل نہیں نکل سکا ہے اور کسانوں کا احتجاج بدستور جاری ہے۔

مرکزی حکومت اور کسانوں کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور 4 جنوری کو ہونا ہے۔