کرناٹک نے معماروں سے ملاقات کے بعد تارکین وطن مزدوروں کے لیے خصوصی ٹرینیں منسوخ کیں
کرناٹک، مئی 6: نیوز 18 کی خبر کے مطابق کرناٹک حکومت نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ ریاست میں پھنسے تارکین وطن مزدوروں کو ملک بھر میں مختلف مقامات پر لے جانے کے لیے مزید ٹرینیں نہیں چلائی جائیں گی۔ یہ اعلان وزیر اعلی بی ایس یدیورپا کی معروف بلڈروں اور ریل اسٹیٹ فرموں سے ملاقات کے بعد کیا گیا ہے، جنھوں نے مبینہ طور پر مزدوروں کے بڑے پیمانے پر اخراج پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
یدیورپا نے اس ملاقات کے بعد دعوی کیا کہ ’’دیگر ریاستوں کے مقابلے میں ریاست میں کورونا وائرس کی صورت حال قابو میں ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ریڈ زون کو چھوڑ کر باقی علاقوں میں کاروبار، تعمیراتی کام اور صنعتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنی ہوں گی۔ اس پس منظر میں یہ سمجھایا گیا تھا کہ تارکین وطن کارکنوں کے غیر ضروری سفر کو قابو کرنا ضروری ہے۔
کرناٹک کے بین ریاستی سفر کے نوڈل آفیسر این منجوناتھ پرساد نے جنوبی مغربی ریلوے کو خط لکھ کر بدھ سے طے شدہ تمام ٹرینوں کو منسوخ کرنے کو کہا ہے۔ پرساد نے نیوز چینل کو بتایا کہ تقریباً 10،000 مزدور جو بہار جانا چاہتے تھے، بنگلور کے بین الاقوامی نمائش مرکز میں ہیں۔ تاہم وزیر اعلیٰ کی معماروں سے ملاقات کے بعد بہار کے لیے طے شدہ تین ٹرینیں منسوخ کردی گئیں۔
پرساد نے کہا ’’یہ وہ لوگ ہیں جو بنگلور میں کام کرنے آئے ہیں۔ ایک بار جب روزگار مل جائے گا تو معمولات قائم ہوجائیں گے … تو پھر کیوں واپس جائیں؟ وہ لوگ جو اب بھی واپس جانا چاہتے ہیں وہ اپنی گاڑی کا استعمال کرکے ایسا کرسکتے ہیں۔‘‘
پرساد نے کہا کہ پہلے ہی ٹکٹ بک کروانے والے بیشتر افراد وہاں سے چلے گئے ہیں، تاہم حکام ’’دوسروں کو واپس رکنے پر راضی کریں گے‘‘ کیوں کہ دی ہندو کے مطابق معاشی سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی۔ ایک نامعلوم سرکاری عہدیدار نے اخبار کو بتایا ’’ہم چاہتے ہیں کہ تارکین وطن مزدور یہیں رکیں۔ یہ ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جن کے بغیر ہم معیشت کو شروع نہیں کرسکتے ہیں۔ ہم ان کی اچھی طرح دیکھ بھال کریں گے۔‘‘
جنوبی مغربی ریلوے نے منگل تک کرناٹک سے ملک بھر میں مختلف مقامات پر آٹھ ٹرینیں چلائیں تھیں۔ لاک ڈاؤن کے درمیان لاکھوں تارکین وطن مزدوروں نے اپنے آبائی علاقوں میں واپس جانے کی اجازت کا مطالبہ کیا ہے۔ بہت سے لوگوں نے پیدل سفر کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن ریاستی سرحدوں کی بندش کی وجہ سے انہیں روک دیا گیا تھا۔ کچھ راستے میں ہی دم توڑ چکے ہیں۔
وزارت داخلہ نے گذشتہ ہفتے مہاجر مزدوروں، حجاج کرام، سیاحوں، طلبا اور "دیگر افراد” کو خصوصی "شارمک” ٹرینوں کے ذریعہ ملک بھر میں تعطل کے درمیان ریلوے کے ذریعے سفر کی اجازت دی تھی۔ 1،200 تارکین وطن پر مشتمل پہلی خصوصی ٹرین اسی دن تلنگانہ سے ہٹیا، جھارکھنڈ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔