کرناٹک: بی جے پی ایم ایل اے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حامیوں کے ساتھ منایا یوم پیدائش کا جشن
بنگلور، اپریل 11: کرناٹک بی جے پی کے ایک ممبر اسمبلی جمعہ کو سیکڑوں حامیوں کے ساتھ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کی دھجیاں اڑا کر اپنی سالگرہ مناتے ہوئے دیکھے گئے۔
کرناٹک کے تماکوورو ضلع کے توروویکر سے قانون ساز ایم جےرام نے سفید دستانے پہنے ہوئے ایک بڑے چاکلیٹ کیک کو کاٹا اور بچوں سمیت لوگوں میں تقسیم کیا۔
ان مہمانوں کو ، جنھیں اس خطرناک بیماری کے باوجود تصاویر اور ویڈیو میں جشن مناتے ہوئے دیکھا گیا، انھیں بنگلور سے 90 کلومیٹر دور واقع گبی قصبے میں بریانی پیش کی گئی۔
مسٹر جےرام ریاست میں پہلے ایسے سیاست داں نہیں ہیں جنھیں موجودہ بحران کے دوران قواعد کی دھجیاں اڑاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
گذشتہ ماہ شادیوں سمیت تمام سماجی اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کے چند دن بعد کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے 15 مارچ کو بیلگاوی میں بی جے پی رہنما کی شادی کی تقریب میں شرکت کی تھی۔
اگلے ہی دن سیکڑوں کانگریس کارکنوں نے ریاستی پارٹی کے نو منتخب صدر ڈی کے شیوکمار کی تعظیم کے لیے معاشرتی فاصلوں کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کی۔
ایم ایل اے کے جمعہ کو اپنی سالگرہ منانے کے دوران کرناٹک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی، ریاست میں 10 نئے معاملات کی تصدیق ہوئی ہے۔
ہفتہ کی شام 5 بجے تک ریاست میں 207 کوویڈ 19 مریضوں میں سے 6 افراد کی موت ہوگئی ہے اور 34 کو فارغ کردیا گیا ہے۔
وزارت صحت کے مطابق 10 نئے معاملات میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ میسورو کا ایک 8 سالہ لڑکا اور بنگلور رورل کی ایک 11 سالہ لڑکی۔
ریاست کی بی جے پی حکومت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 14 اپریل کو ختم ہونے والے تین ہفتوں کے لاک ڈاؤن میں توسیع کے حق میں ہے۔
مسٹر یدی یورپا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔