واشنگٹن، مئی 16: جمعہ کے روز دیر رات امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کا ملک کورونا وائرس وبائی امراض کے خلاف جنگ میں ہندوستان کو وینٹیلیٹر عطیہ کرے گا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہندوستان اور امریکا مل کر صحت کے بحران پر قابو پالیں گے۔
ٹرمپ نے ٹویٹر پر لکھا ’’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ امریکا ہندوستان میں اپنے دوستوں کو وینٹیلیٹر عطیہ کرے گا۔ ہم اس وبائی مرض کے دوران ہندوستان اور نریندر مودی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم ویکسین تیار کرنے میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ ایک ساتھ مل کر ہم پوشیدہ دشمن کو شکست دے دیں گے۔‘‘
I am proud to announce that the United States will donate ventilators to our friends in India. We stand with India and @narendramodi during this pandemic. We’re also cooperating on vaccine development. Together we will beat the invisible enemy!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) May 15, 2020
اس سے قبل ہی ایک پریس بریفنگ کے دوران ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا اور ہندوستان کوویڈ ۔19 کے لیے مل کر تحقیق کر رہے ہیں اور ایک ویکسین کی تیاری کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا ’’میں ابھی کچھ عرصہ پہلے ہی ہندوستان سے واپس آیا تھا اور ہم ہندوستان کے ساتھ بہت کام کر رہے ہیں اور امریکا میں ہمارے ہندوستانیوں کی زبردست آبادی ہے اور بہت سے لوگ جن کے بارے میں آپ بات کر رہے ہیں، وہ عظیم سائنسداں اور محقق بھی ویکسین پر کام کر رہے ہیں۔‘‘
دریں اثنا محکمۂ صحت کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان 85،000 سے زیادہ کیسوں کے ساتھ چین کی کورونا وائرس کی تعداد سے آگے نکل گیا ہے۔ اس دوران امریکہ میں 14 لاکھ سے زیادہ کیسز اور 87،530 اموات ریکارڈ کی گئیں، جو اسے دنیا کا بدترین متاثرہ ملک بناتا ہے۔