امریکی صدارتی انتخابات: جو بائیڈن نے 270 ووٹ حاصل کیے، الیکٹورل کالج نے صدر کی حیثیت سے ان کی جیت کی تصدیق کردی

امریکا، دسمبر 15: سی این این کی خبر کے مطابق ، ریاستہائے متحدہ امریکا کے الیکٹورل کالج نے پیر کے روز صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ لیڈر جو بائیڈن کی جیت کی تصدیق کر دی اور انتخابات کے نتائج کو مزید چیلنج کرنے کے لیے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سارے دروازے بند کردیے۔

کیلیفورنیا کے 55 ووٹرز کے ساتھ بائیڈن نے صدارت کے لیے درکار 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرلیے۔

الیکٹورل کالج کے ووٹ کے بعد ایک تقریر میں بائیڈن نے کہا کہ انتخابی نتائج کو مسترد کرنے کی کوششوں پر ’’قانون کی حکمرانی، ہمارے آئین اور لوگوں کی مرضی غالب آئی ہے۔‘‘

سی این این کے مطابق انھوں نے مزید کہا ’’ایک طویل عرصہ قبل اس قوم میں جمہوریت کی شمع روشن کی گئی تھی۔ اور اب ہم کچھ نہیں جانتے، یہاں تک کہ وبائی بیماری یا طاقت کا غلط استعمال بھی اس شمع کو نہیں بجھا سکتا۔‘‘

بائیڈن نے انتخابی نتائج کو کالعدم بنانے کی کوشش کرنے پر ٹرمپ اور ریپبلیکنز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا ’’یہ ایسی انتہا تھی جو ہم نے اس پہلے کبھی نہیں دیکھی‘‘۔

نئے امریکی صدر نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ’’تاریخ کا رخ موڑیں، متحد ہو جائیں اور اس وبا سے شفا یاب ہوں۔‘‘

واضح رہے کہ پچھلے ہفتے امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ کی حمایت میں دائر اس درخواست کو مسترد کردیا تھا، جس میں جارجیا، مشی گن، پنسلوانیا اور وسکونسن میں صدارتی انتخابات کے نتائج کو کالعدم کرنے کی کوشش کی گئی تھی -‘‘