پھنسے ہوئے مزدور: منی پور کے وزیر اعلی سے امدادی رقم میں اضافہ اور آن لائن عمل میں آسانی کی اپیل
امپھل، اپریل 11— شمال مشرقی فورم برائے بین الاقوامی یکجہتی (این ای ایف آئی ایس) نے منی پور کے وزیر اعلی این بیرن سنگھ سے اپیل کی ہے کہ ریاست کے پھنسے ہوئے مزدوروں کو ریاست کے ذریعہ اعلان کردہ مالی مدد حاصل کرنے کے لیے آن لائن درخواست دینے میں درپیش مسائل کو حل کریں۔
حکومت نے گذشتہ ہفتےدرخواست دہندگان سے طلب کیے گئے ثبوت میں ان کی سفری تفصیل مانگی ہے۔ فورم نے کہا کہ جو لوگ مہینوں اور سالوں سے باہر مقیم ہیں ان کے لیے اس طرح کی سفری تفصیلات فراہم کرنا مشکل ہے۔
فورم کے ممبر تھوکچوم چانو نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا ’’مزدوروں کو اس مقصد کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ میں ایک فارم پُر کرنا ہوگا۔ فائدہ حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کے لیے مذکورہ ویب سائٹ کے ذریعے فارم جمع کرواتے ہوئے بہت سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لوگوں سے کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی سفری تفصیلات دکھائیں لیکن بہت سارے کام کرنے والے افراد، جو کئی مہینوں سے مختلف شہروں میں مقیم ہیں، ان کے پاس ایسا ثبوت نہیں ہے کہ وہ دکھائیں۔‘‘
سول گروپ نے ریاستی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ ’’فوری طور پر معاملات کو حل کریں تاکہ عوام کو ان مشکل اوقات میں جلد سے جلد فائدہ حاصل ہوسکے۔‘‘
گذشتہ ہفتے (7 اپریل) کو ریاست منی پور کے وزیر اعلی نے ملک کے مختلف شہروں میں پھنسے ہوئے منی پور کے مزدوروں میں سے ہر ایک کے لیے 2000 روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا تھا۔
فورم نے پھنسے ہوئے مزدوروں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ سے امدادی رقم بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ 24 مارچ کو ملک گیر لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد مختلف ریاستوں سے آنے والے لاکھوں تارکین وطن مزدور ملک کے مختلف حصوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ان کی اپنی ریاستی حکومتوں کے علاوہ تارکین وطن مزدوروں کی رہائش گاہ کے علاقوں میں بھی حکام نے ان کے قیام اور کھانے کا انتظام کیا ہے۔