پوڈوچیری نے سی اے اے کے خلاف قرارداد پاس کی، ایک مہینے کے اندر ایسا کرنے والی ساتویں اسمبلی
پووڈوچیری، فروری 13— پوڈوچیری اسمبلی نے بدھ کے روز متنازعہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف ایک قرار داد منظور کی۔ کانگریس کے رہنما اور یونین ٹیریٹوری کے وزیر اعلیٰ وی نارائناسامی نے قرارداد پیش کی اور حزب اختلاف کے بائیکاٹ کے درمیان اسمبلی کے ایک روزہ خصوصی اجلاس نے قرارداد منظور کر لی۔
پوڈوچیری سے پہلے چھ ریاستی اسمبلیاں سی اے اے کے خلاف اسی طرح کی قرارداد پاس کرچکی ہیں۔ وہ درج ذیل ہیں: کیرالہ، پنجاب، راجستھان، مغربی بنگال، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ۔
کیرالا اور مغربی بنگال کے علاوہ باقی پانچ میں کانگریس کی حکومت ہے۔
پوڈوچیری اسمبلی نے نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) اور نیشنل پاپولیشن رجسٹر (این پی آر) کے خلاف بھی شدید احتجاج درج کرایا۔
حزب اختلاف کے AINRC اور AIADMK کے ممبروں نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا جب کہ بی جے پی کے تین ارکان اسمبلی نے واک آؤٹ کیا۔
قرارداد کی منظوری کے بعد مسلم تنظیموں کے وفد نے وزیر اعلی وی نارائناسامی سے ملاقات کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
11 دسمبر کو پارلیمنٹ سے شہریت ترمیمی قانون پاس ہونے کے بعد سے لگاتار سی اے اے – این آر سی-این پی آر کے خلاف ملک بھر میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہو رہے ہیں۔